ٕاسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کی بطورچیئرمین پی اےسی کےخلاف درخواست مسترد کردیا اور ریمارکس دیئے درخواست کوناقابل سماعت قرار دے کر خارج کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں ڈویژن بینچ پرمشتمل جسٹس اطہرمن اللہ اورجسٹس محسن اختر نے شہبازشریف کی بطور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے چیئرمین تقرری کے خلاف درخواست پر فیصلہ سنادیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے شہبازشریف کی بطورچیئرمین پی اےسی کےخلاف درخواست خارج کردی اور ریمارکس دیے اچھےاندازمیں کیس پر دلائل دئیےگئے، درخواست کوناقابل سماعت قرار دے کرخارج کرتے ہیں۔
ریاض حنیف ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ شہبازشریف پی اے سی چیئرمین کے عہدے کے اہل نہیں۔
مزید پڑھیں : شہباز شریف کی بطور پی اے سی چیئرمین تقرری کا فیصلہ محفوظ
یاد رہے 17 جنوری کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے شہبازشریف کی بطور چیئرمین پی اے سی سے متعلق فیصلہ محفوظ کیا تھا ، چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے درخواست گزار کے وکیل کو کہا تھا کہ آپ نے کیس پر مکمل طور پر دلائل دیئے، مزید کچھ کہنا چاہتے ہیں توتحریر جمع کروا دیں۔
درخواست گزار ریاض حنیف نے شہباز شریف کی بطور چیئرمین تعیناتی کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا ۔
واضح رہے 13 دسمبر کو اسلام آباد میں اپوزيشن لیڈرشہبازشریف سے حکومتی وفد کی ملاقات ہوئی تھی ، جس میں حکومت اوراپوزیشن کاشہبازشریف کوچیئرمین پی اےسی بنانے پر اتفاق کرلیا تھا۔
بعد ازاں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے شہباز شریف کو چیئرمین پی اے سی بنائے جانے کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کیا تھا۔