وزیراعظم کا لسبیلہ ٹریفک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

Imran Khan

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے لسبیلہ میں ٹریفک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے لسبیلہ ٹریفک حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ متاثرہ خاندانوں کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے، وزیراعظم نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ایسے واقعات ہمیں ٹریفک قوانین کا پابند بنانے کی تاکید کرتے ہیں، بدقسمتی سے ٹریفک حادثات غفلت یا پھر گاڑی کی خرابی کی وجہ سے ہوتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ ہمیں اللہ کی دی ہوئی اس نعمت زندگی کی قدر کرنی چاہئے اور گاڑی چلاتے ہوئے احتیاط برتنی چاہئے۔

مزید پڑھیں: حب : مسافر کوچ اور ٹرک میں خوفناک تصادم، 26 افراد جھلس کر جاں بحق، متعدد زخمی

واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کی تحصیل بیلہ کراس کے قریب اندوہناک ٹریفک حادثہ پیش آیا تھا مسافر بس اور ٹرک کے مابین ہونے والے تصادم کے نتیجے میں 26 افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہوگئے تھے جن میں سے 6 کی حالت تشویشناک بتائی گئی تھی۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر امدادی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا، تاہم آگ کی شدت کے باعث امدادی کارروائی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

رپورٹ کے مطابق ٹرک پر غیرقانونی ایرانی آئل موجود تھا، مذکورہ ٹرک اسٹاپ پر کھڑا تھا کہ بریک فیل ہوجانے کے باعث مسافر بس ڈرائیور سے بے قابو ہوکر ٹرک سے جاٹکرائی جس کے بعد ٹرک پر رکھے آئل کے ڈرموں میں آگ گئی جس نے دیکتھے ہی دیکھتے مسافر کوچ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔