اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس کل ہوگا، 17 نکاتی ایجنڈے پر مشتمل اجلاس میں متعدد امور زیر غور آئیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیا، اجلاس میں 17 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔
اجلاس میں قومی ایئر لائن پی آئی اے، پاکستان سیکورٹی پرنٹنگ کارپوریشن اور سیکورٹی پیپرز لمیٹڈ کراچی کے ملازمین پر پاکستان ایسنشل سروسز مینٹی نینس ایکٹ 1952 کے اطلاق کی سمری پیش کی جائے گی۔
ایجنڈے کے مطابق اجلاس میں ادارہ جاتی اصلاحات کی پیشرفت رپورٹ اور نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ ایکٹ 2010 میں ترامیم تجویز کرنے کی سمری پیش کی جائے گی جبکہ وزارت داخلہ آئینی پٹیشن نمبر 50 دو ہزار تیرہ غور کے لیے پیش کرے گی۔
اجلاس میں میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے چیئر پرسن، وائس چیئرمین اور یوتھ کونسلر کے استعفے، چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین ایرا اور فیڈرل لینڈ کمیشن میں سینیئر ممبر کی تعیناتی کی سمری پیش کی جائے گی۔
ایجنڈے کے مطابق اجلاس میں بلوچستان اور لاہور کی پیمرا کونسل آف کمپلینٹس کی تشکیل نو پر غور کیا جائے گا اور الیکٹرونک سرٹیفیکیشن ایگریڈیٹیشن کونسل کے ممبران کی از سر نو تعیناتی کی جائے گی۔
اجلاس میں پاکستان مورٹگیج ریفائنینس کمپنی لمیٹڈ کے لیے 58 کروڑ ڈالر کی ضمنی گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دی جائے گی جبکہ 15 جنوری 2019 کے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی۔
خیال رہے کہ وفاقی کابینہ کا گزشتہ اجلاس 17 جنوری کو ہوا تھا جس میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی منظوری دی گئی تھی۔
اجلاس میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے چیئرمین کے تقرر کی منظوری دی گئی جبکہ سیمنٹ انڈسٹری میں سپلائی، ڈیمانڈ اور قیمتوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔
وفاقی کابینہ نے پاور ڈویژن کے لیے ضمنی گرانٹ کی منظوری بھی دی تھی۔