اسلام آباد: وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ساہیوال واقعہ کی رپورٹ سے مطمئن ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم ساہیوال واقعہ کی رپورٹ سے مطمئن ہیں، معاملہ پولیس ریفارمز سے ہی حل ہوگا۔
وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ پنجاب حکومت نے جو اقدامات اب تک اٹھائے وہ درست ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اگر سی ٹی ڈی اہلکاروں کا موقف درست نہ ہوا تو انہیں نشان عبرت بنایا جائے گا، سی ٹی ڈی کی کارروائی نے شکوک و شبہات پیدا کردئیے ہیں، جلد حقائق سامنے آجائیں گے۔
واضح رہے کہ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے ارکان نے ساہیوال واقعے میں سی ٹی ڈی کے ہاتھوں متاثر ہونے والے خاندانوں کے گھر پہنچ کر اہل خانہ سے تعزیت کی تھی۔
مزید پڑھیں: ساہیوال واقعہ: جے آئی ٹی ممبران کی متاثرہ خاندانوں سے تعزیت
سربراہ جے آئی ٹی اعجاز شاہ نے کہا کہ جے آئی ٹی کے کچھ نتائج سے میڈیا کو وزیرِ قانون نے آگاہ کر دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کر کے فرانزک کے لیے بھیج دیے گئے ہیں، جلد حتمی رپورٹ جاری کریں گے، جے آئی ٹی باریک بینی سے معاملے کو دیکھ رہی ہے۔‘
یاد رہے کہ انسدادِ دہشت گردی کے مبینہ جعلی مقابلے میں دو خواتین سمیت 4 افراد کو زندگیوں سے محروم کیا گیا، گاڑی میں موجود ایک بچہ بھی زخمی ہوا، عینی شاہدین اور سی ٹی ڈی اہل کاروں کے بنایات میں واضح تضادات ہیں۔
خیال رہے کہ وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے کہا تھا کہ ساہیوال واقعے میں ہلاک ہونے والے بڑے دہشت گرد تھے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق دہشت گردوں نے خواتین کو استعمال کیا۔