نئی دہلی: ممبئی ہائی کورٹ نے کنگنا رناوت کی نئی آنے والی فلم مانی کارنیکا؛ کوئین آف جھانسی کے خلاف دائر درخواست کو خارج کرتے ہوئے اسے ریلیز کی اجازت دے دی۔
تفصیلات کے مطابق ممبئی ہائی کورٹ نے فلم کے خلاف دائر درخواست پر فیصلہ سنایا اور درخواست گزار کے وکیل کو مزید وقت دینے سے صاف انکار کیا۔
عدالت نے فیصلے میں کہا کہ کوئی آف جھانسی پر جو تاریخی حقائق مسخ کرنے کا الزام بے بنیاد ہے لہذا اسے ریلیز سے روکا نہیں جاسکتا۔
درخواست گزار کے وکیل ایڈوکیٹ وویک ٹمبے نے عدالت میں دعویٰ کیا کہ فلم میں رانی لکشمی بائی اور اُن کے خاندان کو منفی انداز میں پیش کیا گیا جبکہ کوئین آف جھانسی کی پیدائش کا سال 1828 بتایا گیا جبکہ اُن کی پیدائش 1835 کی ہے۔
مزید پڑھیں: اگر کسی نے ہراساں کیا تو سب تباہ کردوں گی، کنگنا رناوت کا انتہا پسندوں کی دھمکیوں پر ردعمل
بھارتی سینٹرل بورڈ فلم سرٹیفکیشن (سی بی ایف سی) کے ممبر نے ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے سامنے پیش ہوکر دلائل دیے کہ انہوں نے مانی کارنیکا؛ کوئین آف جھانسی کی اسکریننگ کے بعد ہی ریلیز کی اجازت دی۔
اُن کا کہنا تھا کہ ڈائریکٹر نے فلم سے پہلے اور آخر میں ایک نوٹ بھی شمار کیا گیا جس میں یہ کہا گیا ہے کہ اگر کسی کی دل آزاری ہوئی تو ہم اُس سے معذرت خواہ ہیں۔ ہائی کورٹ کے بنچ نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنایا کہ فلم کو ریلیز سے کسی صورت نہیں روکا جاسکتا۔
یاد رہے کہ راجپوت برادری کی انتہاء پسند تنظیم شری کرنی سینا نے اداکارہ کنگنا رناوت اور فلم پر اعتراض اٹھاتے ہوئے ہدایت کار ، پروڈیوسر اور رائٹر کو دھمکی آمیز خط ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا کہ اگر ’مانی کارنیکا؛ کوئین آف جھانسی‘ کو ریلیز کیا گیا تو حالات کشیدہ ہوجائیں گے۔
شری کرنی سینا نے خط میں کہا کہ اگر فلم ریلیز کی گئی تو پورے ملک میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے کیونکہ ’مانی کارنیکا‘ میں رانی لکشمی بائی کی شخصیت کو بگاڑ کر پیش کیا گیا اور انہیں بدنام بھی کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ’ ہراساں کرنے کے معیار ہیں، ہربات می ٹو نہیں ‘
دوسری جانب کنگنا رناوت نے راجپوت تنظیم کی دھمکی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر فلم میں کاسٹ کسی بھی شخص کو ہراساں کیا گیا تو وہ دھمکی دینے والوں کو تباہ کردیں گی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ہم نے مانی کارنیکا چار تاریخ دانوں کو دکھائی جنہوں نے ہمیں سرٹیفیکٹ جاری کیا ، علاوہ ازیں سینسر بورڈ نے بھی فلم کو کلیئر کیا پھر بھی کچھ لوگ مسلسلس ہراساں کررہے ہیں۔
یہ بھی یاد رہے کہ فلم 25 جنوری کو ریلیز کی جائے گی جس میں کنگنا رناوت لکشمی بائی کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔