بھارت مقبوضہ کشمیرمیں نہتےکشمیریوں کی نسل کشی کررہا ہے‘علی امین گنڈاپور

Ali Amin Gandapur

اسلام آباد: وفاقی وزیرامورکشمیرعلی امین گنڈاپور نے کہا کہ کشمیریوں کے خون سے ہاتھ رنگ کے بھارت کا یوم جمہوریہ منانا شرمناک ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرامورکشمیرعلی امین گنڈاپورکا کہنا ہے کہ بھارت نے اقوام متحدہ کی قرادادوں کی کھلی نفی کی، بھارت کس منہ سے یوم جمہوریت منا رہا ہے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ خون سے ہاتھ رنگ کے بھارت کا یوم جمہوریہ منانا شرمناک ہے،بھارت نے مقبوضہ کشمیر کوفوجی چھاؤنی میں تبدیل کر رکھا ہے۔

وفاقی وزیرامورکشمیر نے مزید کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے، مقبوضہ کشمیرمیں کشمیریوں کا ماورائے عدالت قتل ہورہا ہے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرکی آبادی تبدیل کرنے کی مذموم کوشش ہورہی ہے۔

بھارت کا 70 واں یوم جمہوریہ : کشمیری آج دنیا بھر میں یوم سیاہ منا رہے ہیں

بھارت کے 70ویں یوم جمہوریہ کو دنیا بھر میں آباد کشمیری آج یوم سیاہ کے طور پر منارہے ہیں، حریت رہنماؤں کی اپیل پر مقبوضہ کشمیرمیں آج مکمل ہڑتال ہے۔

یوم سیاہ کے موقع پر بھارت مخالف مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گے۔ مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی انتظامیہ نے یوم جمہوریہ سے پہلے ہی وادی بھر میں بھارتی فوج اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کر رکھی ہے۔

کشمیریوں کا احتجاج روکنے کے لیے سری نگر میں جگہ جگہ رکاوٹیں اور پولیس چیک پوسٹیں بھی قائم کردی گئی ہیں۔