بے نامی اکاؤنٹ کی تحقیقات: بینک افسران اور اکاؤنٹ ہولڈرز کو طلب کرنے کا فیصلہ

بے نامی اکاؤنٹ

کراچی : بے نامی اکاؤنٹ کی تحقیقات کے لئے ایف آئی اے نے بینک افسران اور اکاؤنٹ ہولڈرز کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے، نئے اکاؤنٹ میں بھی اربوں روپے کی ٹرانزیکشن کا انکشاف ہوا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے نمائندے رافع حسین کے مطابق بےنامی اکاؤنٹ کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کا اجلاس کراچی میں ہوا، اجلاس میں مزید دس بےنامی اکاؤنٹ کی تحقیقات کا جائزہ لیا گیا۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی کو عدالت نے مزید دس بےنامی اکاؤنٹ کی تفتیش کاحکم دیا تھا، نئے اکاؤنٹ کی تحقیقات کرنے والی ٹیم کی جے آئی ٹی سربراہ نے معاونت کی۔

مزید پڑھیں: جعلی اکاؤنٹس معاملہ، خوف اور دباؤ کی پروا کیے بغیر میرٹ پر کیس بنائیں گے، چیئرمین نیب

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایف آئی اے افسران بینک افسران اور اکاؤنٹ ہولڈرز کو طلب کرکے تفصیلات حاصل کریں گے، ذرائع کے مطابق جےآئی ٹی 10نئےاکاؤنٹ کی تفتیشی رپورٹ چیئرمین نیب کو بھیجوائے گی، نئے اکاؤنٹ میں بھی اربوں روپے کی ٹرانزیکشن بتائی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ چند ماہ سے جعلی اکاؤنٹس کیس نے کھلبلی مچائی ہوئی ہے، فالودے والے اور  تل کے لڈو بیچنے والے کے اکاؤنٹس سے کروڑوں روپے برآمد ہورہے ہیں۔ نیب اس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔