بالی ووڈ کے دو بڑے اداکاروں کا جھگڑا 7 سال بعد کیسے حل ہوا؟

ممبئی: بالی ووڈ کی نامور اداکارہ جوہی چاؤلہ اور عامر خان کی جوڑی نے قیامت سے قیامت تک، ہم ہیں راہی پیار کے سمیت دیگر فلموں میں کام کر کے انہیں کامیاب بنایا۔

دونوں اداکاروں کے مداح ایک بار پھر اس جوڑی کو ایک ساتھ اداکاری کرتے دیکھنا چاہتے ہیں، بالی ووڈ اداکار اپنے کاموں کی وجہ سے ایک دوسرے پر سبقت لے جانا چاہتے ہیں اس کی وجہ سے اُن کے درمیان تنازعات یا کشیدہ صورتحال پیدا ہوتی ہے۔

عامر خان اور جوہی چاؤلہ کے درمیان جھگڑے سے ہر کوئی واقف ہے پر یہ کس بات پر شروع ہوا اور پھر کس طرح حل ہوا اس بارے میں دونوں اداکاروں نے کبھی لب کشائی نہیں کی تھی۔

بالی ووڈ اداکار نے پہلی بار اس حوالے سے خاموشی توڑتے ہوئے ہر چیز بیان کردی۔

اتوار کے روز صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے عامر خان کا کہنا تھا کہ ’فلم عشق کی شوٹنگ کے دوران ہمارے درمیان ایک چھوٹا سا مسئلہ جس کو ہم نے انا کا مسئلہ بنا لیا تھا، اس معاملے کے بعد میں نے فیصلہ کیا کہ اب جوہی سے کبھی بات نہیں کروں گا حتی کہ وہ اگر کسی تقریب میں موجود بھی ہوگی تو وہاں سے پچاس فٹ دور چلا جاؤں گا‘۔

مسٹر پرفیکشنسٹ کا کہنا تھا کہ متعدد تقریبات میں ایسا بھی ہوا کہ جوہی جیسے ہی پروگرام میں آئی تو میں وہاں سے بہت دور ایک فاصلے پر جاکر بیٹھ گیا، حتیٰ کہ ایک بار وہ میری پیچھے والی نشست پر بیٹھی تب بھی میں وہاں سے چلا گیا تھا اور نہ کبھی اُس سے کوئی بات کی البتہ شوٹنگ کے حوالے سے کوئی ڈائیلاگ وغیرہ ہوتا تو بات کرلیتا تھا‘۔

بات چیت دوبارہ کیسے شروع ہوئی؟

عامر خان کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک دوسرے سے 6 سال تک کوئی بات نہیں مگر جیسے ہی جوہی کو اس بات کا علم ہوا کہ میں رینا کو طلاق دے رہا ہوں تو اُس نے مجھے فون پر کال کی اور ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا، میری اہلیہ اور جوہی دونوں کے درمیان گہری دوستی ہے اور جوہی چاہتی تھی کہ سارے مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے بات علیحدگی تک نہ پہنچے‘۔

’میں نے پہلی کال نہیں اٹھائی مگر پھر جوہی نے متعدد بار کال کی اس لیے مجھے مجبوراً بات کرنا پڑی، اُس نے پہلا لفظ کہا کہ ہمارے درمیان جو کوئی بھی لڑائی تھی اُس سے دوستی خراب نہیں ہوسکتی پھر ہماری بات چیت کا سلسلہ شروع ہوگیا‘۔

عامر خان نے یہ گفتگو اتوار کے روز صحافیوں کے وفد سے کی اور اسی دوران انہوں نے اپنی زندگی پر فلم بنانے کا بھی عندیہ دیا جس میں اُن کا اپنا بیٹا جنید کردار ادا کرے گا۔