اسلام آباد : امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لے، کشمیریوں کا ان کا جائز حق دیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں یورپی یونین کے سفیروں سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا،اسلام آباد میں امیر جماعت اسلامی سے ڈنمارک، یورپی یونین کے سفیر، برطانیہ و جرمنی کے سینئر سفارت کاروں نے ملاقات کی۔
اس موقع پر رکن آزاد کشمیر اسمبلی عبدالرشید ترابی، میاں اسلم، عبد الغفار عزیز بھی موجود تھے۔ سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں بدترین ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کررہی ہے۔
عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لے، انہوں نے اپیل کی کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر ظلم وستم بند کرانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔
مزید پڑھیں: بھارت کے یوم جمہوریہ پر کشمیریوں کا یوم سیاہ، 2 کشمیری نوجوان شہید
کشمیریوں کو یواین قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کا حق دلوایا جائے، انہوں نے بتایا کہ5فروری کو پوری پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کشمیری بھائیوں سے اظہاریکجہتی کرے گی۔