کراچی : وفاقی وزیر شہری ہوا بازی اور نجکاری محمد میاں سومرو نے یہاں منگل کے روزجنوبی ایشیاء کے آٹھ ممالک کے کوآپریٹو پروگرام برائے شہری ہوابازی کی اسٹیرئنگ کمیٹی کے ستائیسویں تین روزہ اجلاس کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔
اجلاس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرشہری ہوابازی اور نجکاری محمد میاں سومرو نے کہا کہ محفوظ، مستعد، پائیدار اور اقتصادی طور پر موثر شہری ہوابازی کے لیے بنائی جانے والی عالمی پالیسیوں اور گائیڈ لائینز کی پاکستان بھرپور حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے اجلاس کے مندوبین کو بتایا کہ ایک مضبوط اور قابل انحصار فضائی آمدورفت کا نظام (ائیر ٹرانسپورٹ سسٹم) بنانے کے لیے پاکستان اپنے ائیرنیویگیشن انفرااسٹرکچرکو جدید خطوط پراستوار کر چکا ہے اورساتھ ہی ساتھ کمیونیکیشن، نیو یگیشن اور سرویلینس کا جدید سسٹم لگا چکا ہے۔
پاکستان کے شہری ہوابازی کے شعبہ کی حالیہ کارکردگی کے حوالے سے وفاقی وزیر نے بتایا کہ حال ہی میں شروع کیا گیا، اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ ملک کا پہلا گرین فیلڈ ائیر پورٹ ہے۔اور اس کے علاوہ ملک کے بیشتر انٹرنیشنل ائیر پورٹس کو اپ گریڈ کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گوادر انٹرنیشنل ائیر پورٹ کی تعمیر سے نہ صرف ملکی ائیر ٹرانسپورٹ سسٹم مستحکم ہو گا بلکہ اس سے ملکی اقتصادی ترقی میں بھی تیزی آئے گی۔
اجلاس کے مرکزی خیال محفوظ شہری ہوا بازی کے لیے مشترکہ تعاون کے حوالے سے محمد میاں سومرو نے کہا کہ جنوبی ایشیاء میں شہری ہوا بازی کو محفوظ بنانے کے لیے حفاظتی معیارات پر عمل درآمد ہونا چائیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہری ہوابازی کو مزید محفوظ بنانے کے لیے مذکورہ کوآپریٹو پروگرام کے رکن ممالک کے مابین پائیدار، پرامن اور باہم جوڑنے والے تعلقات بڑھانے میں اجلاس کا انعقاداہم کردار ادا کرے گا۔
قبل ازیں اپنے استقبالیہ خطاب میں سیکریٹری ایوی ایشن ڈویژن اور ڈائیریکٹرجنرل پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی اسکواڈرن لیڈر (ریٹائرڈ) شاہ رخ نصرت نے کہا کہ شہری ہوابازی کے شعبہ میں پاکستان پائیدار ترقی کے فلسفے پر یقین رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی ایوی ایشن پالیسی کی جدید تقاضوں کے مطابق ہم آہنگی،ریگولیشنز میں نئی قوت کے ساتھ حکومتی کردار ،شہری ہوابازی کے حفاظتی امورمیں استحکام ،مارکیٹ تک رسائی اور ٹریفک کے حقوق میں آزاد پالیسیوں کے ساتھ ساتھ ائیر پورٹس کو جدید بنا دینا شہری ہوابازی میں پائیدارترقی کے لیے کی گئی ہماری کو ششوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔