عثمان بزدار سے موازنے پر اعتراض نہیں، لوگوں کو پرفارم کرنے کے لئے وقت دینا چاہیے: وسیم اکرم

لاہور: سابق کپتان اور کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم نے کہا ہے کہ عمران خان سوچ سمجھ کر لوگوں کو چنتے ہیں، وہ  جلدی مایوس نہیں ہوتے.

وسیم اکرم نے ان خیالات کا اظہار پروگرام "دی رپورٹرز” میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ بہ طور کھلاڑی ہر ایک میں یہ صلاحیت ہوسکتی ہے کہ وہ وسیم اکرم بن سکے.

انھوں‌ نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے میرا ٹیلنٹ دیکھا تھا، تو مجھے اعتماد دیا، وہ ہر کسی کو اعتماد دیتے ہیں.

وسیم اکرم نے کہا کہ پہلی بار کپتان بنا، تو  عمران خان جا چکے تھے، 24 سال کی عمر میں مجھے کپتانی کا بالکل اندازہ نہیں تھا.

انھوں نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ میں 2 اور  دوسرے ٹیسٹ میں 10کھلاڑی آؤٹ کئے تھے، میں نے پہلی ففٹی ڈیڑھ سال بعد بنائی تھی،عثمان بزدار سے موازنے پر اعتراض نہیں، لوگوں کو پرفارم کرنے کےلئے وقت دینا چاہیے، کرکٹ میں جب آیا، تو کیمرے کے سامنے جانے پر ہچکچاتا تھا۔

مزید پڑھیں: وسیم اکرم نے سرفراز احمد کی کپتانی کے حق میں آواز اٹھا دی

سابق کپتان نے کہا کہ کپتانی سیکھنے سے نہیں، بلکہ کپتانی کرنے سے آتی ہے، میں نےعمران خان ، جاوید میاں داد اور دیگر سینئرز سے سیکھا.

انھوں نے کہا کہ کراچی کنگز تیار ہے، ہم سب پرجوش ہیں، امید ہے، اچھے نتائج آئیں گے.

یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا انتخاب پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کیا تھا، وہ متعدد بار وزیر اعلیٰ پنجاب پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انھیں وسیم اکرم پلس قرار دے چکے ہیں.