کراچی: پاکستان اورویسٹ انڈیز ویمنز ٹیموں کے درمیان ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی۔ دونوں کپتانوں نے ٹرافی کے ہمراہ اونٹ پر بیٹھ کر فوٹو سیشن بھی کرایا۔
تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیزکی ویمنز ٹیم 15 برس بعد پاکستان پہنچی جہاں اُن کا شاندار استقبال کیا گیا، مہمان کھلاڑیوں کو سندھی اجرک بھی پیش کی گئی۔
سندھ حکومت نے اس موقع پر سیکورٹی کے سخت اقدامات کیے تھے، پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ویمنز ٹیم کراچی کے ساحل سی ویو پہنچی جہاں کھلاڑیوں نے خوب ہلا گلا کیا۔
دونوں ٹیموں کی کپتانوں نے اونٹ پر بیٹھ کر ٹرافی کی رونمائی کی اور فوٹو سیشن بھی کروایا۔ ویسٹ انڈیز ٹیم کی کھلاڑیوں نے ساحل پر خوب سیر و تفریح کی۔
اس موقع پر ویسٹ انڈیز کی کپتان میریسا اگوایلیریا کا کہنا تھا کہ مجھے پاکستان آکر بہت خوشی ہوئی، یہاں سیکیورٹی کو کوئی خطرہ نہیں اور کراچی کے شہری بہت زیادہ مہمان نواز ہیں جن کا شاندار استقبال کبھی نہیں بھول سکتی۔
اُن کا کہنا تھا کہ یہاں کے لوگوں کو دیکھ کر ایسا محسوس ہورہا ہے جیسے ہم اپنے ہی گھر میں ہیں، پاکستان کے لوگ کرکٹ کے شوقین ہیں اور انہیں اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔
میریسا کا کہنا تھا کہ ساری ٹیم اسٹفائن ٹیلر (کپتان) کی کمی کو بہت محسوس کررہی ہے، اُن کی غیر حاضری کیوجہ سے ہمارے درمیان ایک برا خلا پیدا ہوا اور کارکردگی بھی متاثر ہوئی۔
پاکستانی کپتان بسمہ معروف کا کہنا تھا کہ ’ہمارے پاس یہ موقع ہے کہ ویسٹ انڈیز کو اپنے ہوم گراؤنڈ پر شکست دے کر آئرلینڈ کی سیریز کا بدلا لیں، ہم اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے‘۔
قومی کرکٹ ٹیم کی کپتان کا کہنا تھا کہ ’ویسٹ انڈیز کی ٹیم کی آمد اس بات کا اشارہ ہے کہ غیر ملکی ٹیموں کا پاکستان میں کھیلنے پر اعتبار بڑھ رہا ہے اور جلد ہمارے میدان بھی آباد ہوں گے‘۔