پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس آج شہباز شریف کی زیر صدارت ہوگا

شہباز شریف

اسلام آباد: قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس آج شہباز شریف کی زیر صدارت ہوگا، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیے۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اجلاس کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیے، وزیر اعظم کی خواہش پر شیخ رشید کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا حصہ بنا دیا گیا۔

نعیم الحق نے اسپیکر قومی اسمبلی کو شیخ رشید کو پبلک اکائونٹس کمیٹی میں شامل کرنے کے لیے خط ارسال کر دیا، اسپیکر قومی اسمبلی کی منظوری کے بعد شیخ رشید پبلک اکائونٹس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کرسکیں گے۔

خیال رہے کہ یکم جنوری کو اپوزیشن لیڈر اور چیئرمین کمیٹی شہباز شریف کی زیر صدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا جس میں سیکریٹری پاور ڈویژن نے بریفنگ دی گئی اور بجلی چوری کے خلاف مہم کے اعداد و شمار بھی اجلاس میں پیش کیے گئے تھے۔

سیکریٹری پاور ڈویژن عرفان علی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ آج بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت33 ہزار میگا واٹ ہے، واپڈا 9000 میگا واٹ سے زائد دیتا ہے۔

علاوہ ازیں چیئرمین کمیٹی شہباز شریف نے کہا تھا کہ 2 ایل این جی منصوبے میں نے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب میں لگائے تھے، دونوں منصوبوں سے بجلی نیشنل گرڈ سینٹر میں جاتی ہے۔ 18 ویں ترمیم کے بعد صوبے پاور پلانٹ بھی لگا سکتے ہیں۔