پاکستان خطے میں قیام امن کا خواہاں ہے ‘ شاہ محمود قریشی

Shah Mehmood Qureshi

اسلام آباد : وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بدامنی اور ہیجان انگیزی کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی سے بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنرسہیل محمود نے ملاقات کی۔

وزیرخارجہ اور پاکستانی ہائی کمشنر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پلواما حملے، بھارت کے پاکستان پربے جا الزامات اور خطے کی صورت حال پربات چیت کی گئی۔

اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، خطے میں قیام امن کا خواہاں ہے، بد امنی اور ہیجان انگیزی کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ صورت حال کا سنجیدگی سے بغور جائزہ لے رہے ہیں، صورت حال سے بذریعہ خط سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کو آگاہ کردیا ہے۔

پاکستان نے بھارت سے اپنے ہائی کمشنر کوواپس بلا لیا

یاد رہے کہ گزشتہ روز ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ پاکستان نے مشاورت کے لیے اپنے ہائی کمشنر کو واپس بلایا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلواما میں ہونے والے دھماکے میں 44 بھارتی فوجی مارے گئے تھے۔

بعدازاں بھارتی حکومت اور میڈیا نے تحقیقات کیے بغیر دھماکے کا الزام پاکستان پر عائد کردیا تھا، جسے پاکستان نے سختی سے مسترد کردیا تھا۔