وفاقی اکائی کےاسپیکرپرحملہ ناقابل قبول ہے، بلاول بھٹو

بلاول بھٹو زرداری

کراچی: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وفاقی اکائی کے اسپیکر پر حملہ کسی بھی صورت قبول نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی آغا سراج درانی کی گرفتاری پر ردعمل دیتے بلاول بھٹو نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ بےنامی وزیراعظم کوبےوردی آمریت قائم نہیں کرنےدیں گے۔

انہوں نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ وفاقی اکائی کےاسپیکرپرحملہ ناقابل قبول ہے،سندھ حکومت کوہٹانےکی غیرجمہوری کوشش ہے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ ایسی کوشش پہلےبھی ناکام ہوئی آئندہ بھی ناکام ہوگی، آزادادارےنادانستہ طورپرسیاسی انجینئرنگ کاحصہ نہ بنیں۔

بلاول بھٹو کا ٹویٹ عین اس وقت سامنے آیا، جس وقت ان کے والد اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین اور سابق صدر آصف علی زرداری میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آغا سراج درانی کی گرفتاری پر اپنی جماعت کا ردعمل دے رہے تھے۔

بھارتی جارحیت پر پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہوں گے: آصف زرداری

ان کا کہنا تھا کہ آج ہمارے اسپیکر سندھ اسمبلی کو گرفتار کیا گیا ہے، ہم نے پہلے بھی اس قسم کے رویوں کا سامنا کیا ہے آئندہ بھی کریں گے، نیب کا سامنا کریں گے۔ ’جیل میرا دوسرا گھر ہے‘۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ ہمیں طاقت کی پیاس نہیں صرف مسائل حل کرنا چاہتے ہیں۔ آغا سراج درانی کوئی چھپ کر تو نہیں بیٹھے تھے، کراچی سے ہی گرفتار کرلیتے۔ راوپنڈی سے گرفتاریاں ہونے پر عوام میں کیا تاثر جائے گا۔

خیال رہے کہ آج نیب کراچی نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو گرفتار کیا ہے، آغاسراج درانی پر سندھ سیکریٹریٹ کے فنڈز میں خرد برد کا بھی الزام ہے۔

گرفتاری کے بعد آغا سراج کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا جہاں ان کا 3روزہ راہداری ریمانڈ منظور کر کے نیب کے حوالے کردیا گیا، نیب آغا سراج درانی کو کراچی منتقل کررہی ہے۔