ڈھاکا میں آتشزدگی کا واقعہ: پاکستان کا قیمتی جانوں کے ضیاع پرافسوس

Dhaka

اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل نے ڈھاکا میں واقع عمارت میں لگنے والی آگ میں ہونے والے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے ڈھاکا کی فیکٹری میں پیش آنے والے ہولناک حادثے پرافسوس کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ حادثے میں قیمتوں جانیں ضائع ہوئیں اورمزدورزخمی ہوئے، پاکستان متاثرہ افراد کے خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہارکرتا ہے۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے مزید کہا کہ ہولناک حادثے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔

ڈھاکا: عمارت میں آگ لگنے سے 70 افراد جاں بحق

یاد رہے کہ گزشتہ روز بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا کے چوک بازار میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں 70 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

بنگلہ دیشی حکام کے مطابق آتشزدگی کے باعث 41 افراد زخمی ہوئے تھے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ 2010 میں بنگلہ دیشن کے علاقے نمتالی میں لگنے والی آگ میں 124 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔آتشزدگی کے اس واقعے میں غیرقانونی کیمیائی گودام کی موجودگی کی وجہ سے صورت خال بدترہوئی تھی۔