ملتان سلطانز کی دوسری کامیابی، اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 وکٹوں سے شکست

دبئی: پی ایس ایل سیزن فور کے 16 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں دوسری کامیابی حاصل کرلی، ڈینئل کرسچن کو آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق دبئی میں کھیلے جانے والے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے دیا جانے والا 122 رنز کا ہدف ملتان سلطانز کی ٹیم نے 18.1 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، عمر صدیق نے شاندار 46 رنز کی اننگز کھیلی۔

ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کے اوپنرز نے 54 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، جیمز ونس 28 رنز بنا کر سمیٹ پٹیل کی گیند پر پارنیل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، جانسن چارلس 4 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔

عمر صدیق نے 46 رنزکی شاندار اننگز کھیلی، ونس ایک رن بنا کر محمد موسیٰ کی گیند پر بولڈ ہوئے، شعیب ملک 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، ڈینئل کرسچن نے ناقابل شکست 16 رنز کی اننگز کھیلی۔

ملتان سلطانز کی جانب سے کپتان شاداب خان رومان رئیس، محمد موسیٰ اور سمیٹ پٹیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں دبئی میں کھیلے جانے والے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 17.4 اوورز میں 121 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی اور ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 122 رنز کا ہدف دیا، شاہد آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی پہلی وکٹ 5 رنز پر گری جب کیمرون ڈیلپورٹ 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، صاحبزادہ فرحان بھی 4 رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر اسٹمپڈ آؤٹ ہوئے۔

سمیٹ پٹیل 20 رنز بنا کر آفریدی کا نشانہ بنے، حسین طلعت کو 8 رنز پر شاہد آفریدی نے بولڈ کیا، وین پارنیل 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، آصف علی 22 رنز بنا کر نمایاں رہے انہیں ڈینئل کرسچن نے آؤٹ کیا۔

کپتان شاداب خان 4 رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر بولڈ ہوئے، رومان رئیس بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، فہیم اشرف 16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

ملتان سلطانز کے ڈینئل کرسچن نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، شاہد خان آفریدی، محمد الیاس، نعمان علی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد عرفان کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

قبل ازیں دبئی میں کھیلے جانے والے میچ میں شعیب ملک نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے، ملتان سلطانز کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، حماد اعظم اور گرین کی جگہ نعمان اور ایونس کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے، شاداب خان اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ اسکواڈ

شاداب خان کپتانی کے فرائض انجام دے رہے ہیں دیگر کھلاڑیوں میں لک رانکی، صاحبزادہ فرحان، کیمرون ڈیلپورٹ، حسین طلعت، آصف علی، فہیم اشرف، وین پارنیل، سمیٹ پٹیل، رومان رئیس اور محمد موسیٰ شامل ہیں۔

ملتان سلطانز اسکواڈ

ملتان سلطانز کی قیادت شعیب ملک کررہے ہیں دیگر کھلاڑیوں میں جیمز ونس، ایونس، عمر صدیق، ڈینئل کرسچن، جانسن چارلس، نعمان علی، جنید خان، محمد الیاس، محمد عرفان اور شاہد آفریدی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز کے دو پوائنٹس ہیں جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے تین میچز جیت کر 6 پوائنٹس حاصل کررکھے ہیں۔