اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو خط لکھا ہے کہ بھارت کی دراندازی پاکستان کے خلاف جارحیت ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو خط لکھا جس میں بھارتی دراندازی کو بے نقاب کیا، خط میں کہا گیا ہے کہ بھارتی جارحانہ اقدام اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پچھلےخط میں بھارتی جنگی جنون، دھمکیوں سےآگاہ کیا تھا، جس میں امن وسلامتی کی بگڑتی صورت حال کی جانب توجہ دلائی تھی، صورت حال کی نزاکت بڑھنے پر آپ کو یہ خط ارسال کررہا ہوں۔
خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ بھارتی طیاروں نے گذشتہ صبح ایل اوسی کی خلاف ورزی کی، جس سے خطے میں امن وسلامتی کے لیے سنگین خطرات ہیں، بھارت کی جانب سے دھمکی آمیز بیانات کا سلسلہ جاری ہے۔
بھارت انتظار کرے، جواب ضرور دیا جائے گا: ڈی جی آئی ایس پی آر
بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق پامالی سے عالمی توجہ ہٹانا چاہتا ہے، مودی جنگی جنون پیدا کرکے الیکشن میں فائدہ اٹھانا چاہتا ہے، پاکستان اپنے دفاع میں مناسب کارروائی کرنے کا حق رکھتا ہے، سلامتی کونسل بھارتی جارحانہ اقدامات کو فوری رکوائے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکریٹری جرنل انتونیو گوتریس نے اپیل کی ہے کہ پاکستان اور بھارت تحمل کا مظاہرہ کریں۔
سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان صورت حال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں، دونوں حکومتیں صورت حال کو مزید خراب ہونے سے روکنے میں کردار ادا کریں، بڑے نقصان کے بھارتی دعوے پر اقوام متحدہ کے پاس کچھ نہیں ہے۔