پاک فوج  نے بھارتی پائلٹ کو میڈیا کے سامنے پیش کردیا

بھارتی پائلٹ

اسلام آباد: پاک فوج نے بھارتی فضائیہ کے حراست میں لیے گئے افسر کو میڈیا کے سامنے پیش کرکے بھارتی پروپیگنڈے کا جواب دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور  آج صبح گرائے جانے والے دو بھارتی جہازوں کے واقعے پر پریس کانفرنس کررہے تھے، جس کے دوران انہوں نے  بھارتی  پائلٹ کی ویڈیو شیئر کی۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بھارتی ایئر فورس کے یونی فارم میں ملوث بھارتی فضائیہ کا افسر  خود اعتراف کررہا ہے کہ وہ بھارتی ایئر فورس کا ونگ کمانڈر ہے۔ ویڈیو میں اس نے اپنا نام  اوی نندن بتا یا ہے اور اپنا سروس نمبر 27981 بتایا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس کے دوران  بھارتی فوجیوں کے سامان سے برآمد ہونے والی دستاویز بھی میڈیا کے سامنے پیش کردی ہیں۔

یاد رہے کہ بھارتی میڈیا کی جانب سے پروپیگنڈا کیاجارہا ہے کہ  ان کی فضائیہ نے پاکستان کا ایف 16 طیارہ مار گرایا ہے تاہم ابھی تک ان کی طرف سے کوئی ثبوت پیش نہیں کیا جاسکا ہے۔

دوسری جانب پاکستان نے اپنی حدود میں گرنے والے طیارے کی تصاویر، بھارتی  پائلٹ اور اس سے ملنے والی دستاویز ساری دنیا کے سامنے پیش کردی ہیں۔

میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ صورتحال کی وجہ سے ایئر اسپیس بند ہے، پاکستان نے اپنے دفاع میں جواب دیا ہے، پاکستان ہمسایوں سمیت خطے میں امن چاہتا ہے، جارحیت کی گئی یا جنگ مسلط کی گئی بھرپور جواب دینے کی صلاحیت ہے۔

انھوں نے بتایا کہ پاک فضائیہ کےخصوصی آپریشن کی ویڈیوکچھ دیرمیں جاری کریں گے، زخمی بھارتی پائلٹ کیساتھ مہذب قوم کی طرح سلوک کیا اور اس کا سی ایم ایچ میں علاج جاری ہے۔