لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی، پاکستان کا اقوام متحدہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ

اسلام آباد: دفتر خارجہ نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرنے پر بھارتی ہائی کمشنر کو طلب کیا اور احتجاجی مراسلہ بھی حوالے کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ بھارتی کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا نوٹس لے۔

جنگی جنون میں مبتلا بھارتی فوج نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول کی خلاف وزری کرتے ہوئے شدید فائرنگ اور بمباری کی جس کے نتیجے میں 3 خواتین سمیت چار پاکستانی شہید اور 11 زخمی ہوئے تھے۔

اطلاعات کے مطابق بھارتی فوج نے آزاد کشمیر کے مختلف سیکٹروں پر دراندازی کرتے ہوئے بھاری اسلحہ اور گولہ بارود شہری آبادی پر فائر کیے جس کے نتیجے میں جانی و مالی نقصانات ہوئے۔

مزید پڑھیں: شہری آبادی کو نشانہ بنانا ہندو بنیے کی گھٹیا اور شرمناک حرکت ہے: عثمان بزدار

بھارتی فوج کی جارحیت سے 3 خواتین سمیت چار افراد شہید اور 11 زخمی ہوئے، پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، اگلے مورچوں پر تعینات مستعدد فوجی جوان دشمن کو جواب دینے کے لیے الرٹ ہیں۔ دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی فوج نے عباس پور، چڑھوئی، کوئی رٹہ، نتھیال سیکٹر پر آبادی کو نشانہ بنایا۔

دفتر خارجہ نے اسلام آباد میں تعینات قائم مقام بھارتی ہائی کمشنرکو طلب کر کے لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر شدید احتجاج کیا اور عالمی برادری سے انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر بھی نوٹس لینے کی اپیل کی۔ دفتر خارجہ نے بھارتی سفیرکو احتجاجی مراسلہ بھی حوالے کیا۔

یہ بھی پڑھیں:  لائن آف کنٹرول پر بھارتی دراندازی 4 شہری شہید، پاک فوج کا منہ توڑ جواب

ترجمان دفتر خارجہ نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ بھارتی فوج لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے جو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، عالمی برادری اس حوالے سے نوٹس لے کر اپنا کردار ادا کرے۔