لندن: پاکستانی نژاد برطانوی ایم پی افضل خان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازعے کی اصل وجہ مسئلہ کشمیر ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاک بھارت کشیدگی پر برطانوی پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے افضل خان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے کے لیے برطانوی حکومت کردار ادا کرے۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ اقوام متحدہ کے ذریعے معاملے کی عالمی تحقیقات کرائے، مسئلہ کشمیر اہم ہے جب تک یہ حل نہیں ہوتا معاملات کبھی حل نہیں ہوں گے۔
دوسری جانب وزیرخارجہ برائے جنوبی ایشیا مارک فیلڈ کا کہنا تھا کہ برطانیہ کو معاملے پر تشویش ہے، اقوم متحدہ کی سطح پر برطانیہ کی سفارتی کوششیں جاری ہیں۔
شاہ محمود قریشی کو اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری کا ٹیلی فون
یاد رہے بھارتی ایئرفورس کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی گئی تھی اور پاک فضائیہ کی بروقت ردعمل کے بعد بھارتی طیارے فرار ہوگئے تھے۔
بھارتی دراندازی کے بعد وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی سلامتی سے متعلق اجلاس ہوا تھا ، جس میں وزیراعظم نے پاک فضائیہ کے بروقت ایکشن کی تعریف کرتے ہوئے پاک فوج اور عوام کو تیار رہنے کی ہدایت کی تھی اور کہا تھا جوابی کارروائی کیلئے پاکستان وقت اور جگہ کا انتخاب خود کرے گا۔
گذشتہ روز پاکستان کی جانب سے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر 2 بھارتی طیارے مار گرائے، اور واضح کیا کہ ملکی افواج جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہروقت تیار ہیں۔