وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ختم

Imran Khan

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں وفاقی کابینہ نے ایجنڈے میں شامل متعدد نکات کی منظوری دے دی۔

تفصیلات کے مطابق حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔

وزیراعظم نے کابینہ ارکان کو پاک بھارت کشیدگی اورردعمل پراعتماد میں لیا، کابینہ نے گزشتہ روز وزیراعظم کے قوم سے خطاب اوربھارت کوپھرمذاکرات کی پیشکش کا خیرمقدم کیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں کابینہ ارکان نے وزیراعظم اورپاک فوج کی جانب سے مدبرانہ حکمت عملی پرخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم سے خطاب پاکستانی عوام کی ترجمانی تھا۔

وفاقی کابینہ نے بھارتی طیارے مارگرانے پرپاک فضائیہ کی کارروائی پراطمینان کا اظہار کیا، وزارت خارجہ نے عالمی برادری سے حالیہ رابطوں پرکابینہ کواعتماد میں لیا۔

وزارت خارجہ کے حکام کی جانب سے کابینہ کو بریفنگ مین بتایا گیا کہ پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مختلف ممالک کے ساتھ سمجھوتوں اور یاد داشتوں کی توثیق بھی کی گئی۔

اجلاس میں وفاقی کابینہ ای سی سی توانائی کمیٹی اور نجکاری کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق بھی کرے گی، ذرائع کے مطابق اجلاس میں ایف آئی اے کی پیپرا رولز سے استثنیٰ کی درخواست پرغور کیا جائے گا اور نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تقرری کی منظوری بھی دی جائے گی۔

اس کے علاوہ نیشنل بینک آف پاکستان کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تقرری اور گلگت بلتستان اصلاحات پیکج کی منظوری بھی کابینہ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے، کورنگی فش ہاربراور فشری ڈپارٹمنٹ کی وزارت خوراک منتقلی پر بھی غور کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا اہم اجلاس، بھارت کودراندازی کا جواب دینے کے لیے اہم فیصلے

یاد رہے گزشتہ روز بھارتی دراندازی کے بعد وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی سلامتی سے متعلق اجلاس ہوا تھا جس میں وزیراعظم نے پاک فضائیہ کے بروقت ایکشن کی تعریف کرتے ہوئے پاک فوج اور عوام کو تیار رہنے کی ہدایت کی تھی اور کہا تھا جوابی کارروائی کیلئے پاکستان وقت اور جگہ کا انتخاب خود کرے گا۔