مشن ورلڈ کپ، پی سی بی کا پلیئرز فٹنس ٹیسٹ کا اعلان، 23 کھلاڑی طلب

لاہور: کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے لیے پی سی بی نے پلیئرز فٹنس ٹیسٹ کا اعلان کردیا جس کے لیے 23 کھلاڑیوں کو طلب کرلیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مشن ورلڈ کپ کے لیے پی سی بی نے پلیئرز کے فٹنس ٹیسٹ لینے کے لیے 23 کھلاڑیوں کو طلب کرلیا، فٹنس ٹیسٹ کے لیے عمر اکمل کو طلب نہیں کیا گیا ہے۔

فٹنس ٹیسٹ کے لیے طلب کیے گئے کھلاڑیوں میں سرفراز احمد، عابد علی، آصف علی، بابر اعظم، فہیم اشرف، فخر زمان، حارث سہیل، حسن علی شامل ہیں۔

عماد وسیم، امام الحق، جنید خان، محمد عباس، محمد عامر، محمد حفیظ، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، شاداب خان کو بھی فٹنس ٹیسٹ کے لیے بلایا گیا ہے۔

طلب کیے گئے کھلاڑیوں میں شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، شعیب ملک، عثمان شنواری اور یاسر شاہ شامل ہیں جبکہ فٹنس ٹیسٹ کے لیے عمر اکمل کو طلب نہیں کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: ورلڈ کپ کی تیاری بالکل ٹھیک جارہی ہے، اچھے فاسٹ بولرز ملے ہیں، انضمام الحق

پی سی بی کے مطابق فٹنس ٹیسٹ 15 اور 16 اپریل کو لیا جائے گا، عالمی کپ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان 18 اپریل کو کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ سرفراز احمد کی قیادت میں قومی کرکٹ ٹیم 23 اپریل کو انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں شرکت کے لیے روانہ ہوگی۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے میچ 8 مئی کو اوول، گیارہ مئی کو ساؤتھمپٹن، 14 مئی کو برسٹل، 17 مئی کو ٹرینٹ برج اور 19 مئی کو لیڈز میں کھیلا جائے گا۔

ورلڈ کپ 30 مئی سے شروع ہوگا اور قومی ٹیم اپنی مہم کا آغاز 31 مئی کو ٹرینٹ برج میں ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے کرے گی۔