اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی مزدوروں کے حقوق کا تحفظ کرتی رہے گی، محنت کشوں کے حقوق کے لیے آخری سانس تک لڑیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے پورٹ قاسم اتھارٹی میں ریفرنڈم جیتنے پر پیپلز لیبر یونین کے کارکنان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ محنت کش پارٹی کی روح اور پیپلزپارٹی محنت کشوں کی طاقت ہے۔
آصف زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے صنعتی اداروں میں مزدوروں کو حصہ دار بنایا، آج پھر ثابت ہوا مزدوروں کے دل میں صرف بھٹو بس رہا ہے، موجودہ حکومت نے محنت کشوں کے 28 ارب روپے لوٹ لیے ہیں۔
دوسری جانب چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے پورٹ قاسم سی بی اے ریفرنڈم میں کامیابی پر پیپلز لیبر یونین کے کارکنان کو مبارکباد دی ہے۔
بلاول بھٹو نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ پورٹ قاسم کی پیپلز لیبر یونین نے ایم کیو ایم، پی ٹی آئی اتحاد کو شکست دی ہے، انہوں نے ٹویٹ میں ہیش ٹیگ استعمال کیا کہ کراچی نے پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کو مسترد کردیا ہے۔
Congratulations to Peoples Labour Union for winning the Port Qasim CBA referendum. Defeating PTI & MQM alliance in Karachi. #MazdoorKaBhutto #KarachiRejectsMQMPTI #MehngaPakistanNaKhappy
— BilawalBhuttoZardari (@BBhuttoZardari) April 15, 2019
بلاول بھٹو نے ٹویٹ سے منسلک ہیش ٹیگ میں لکھا کہ مہنگا پاکستان نہ کھپے۔
واضح رہے کہ پورٹ قاسم ریفرنڈم میں پیپلز لیبر یونین نے 204 ووٹوں سے کامیابی حاصل کی، پیپلزپارٹی کو 469 اور ایم کیو ایم، پی ٹی آئی کو 445 ووٹ ملے۔