حکومت کی مخالفت میں نواز اور زرداری پینگیں بڑھا رہے ہیں: صمصام بخاری

لاہور: صوبہ پنجاب کے وزیر اطلاعات صمصام بخاری کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی ایک دوسرے کو تحفظ دے رہی ہیں، حکومت کی مخالفت میں نواز زرداری پینگیں بڑھا رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے وزیر اطلاعات صمصام بخاری کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے ماضی میں این آر او کیا اور اب بھی تلاش میں ہیں، اپوزیشن یاد رکھے عوام کا حافظہ کمزور نہیں کہ ان کا ماضی بھول جائے۔

وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ باہر جانے کی اجازت ہی این آر او ہے، نئی مثال قائم ہوگی۔ عدالت اجازت دے دے تو حکومت کیا کر سکتی ہے۔ نواز شریف نے کہا وہ بیرون ملک نہیں جانا چاہتے، اب کیوں؟

انہوں نے کہا کہ اصل مسئلہ بیماری نہیں فراری ہے، باقی قیدیوں کا کیا قصور ہے؟ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی ایک دوسرے کو تحفظ دے رہی ہیں، نواز شریف سے ہاتھ ملانے کے باعث پیپلز پارٹی کا صفایا ہوگیا۔

صمصام بخاری کا کہنا تھا کہ حکومت کی مخالفت میں نواز زرداری پینگیں بڑھا رہے ہیں، بیورو کریسی کا اصل مسئلہ بھی ن لیگ کا طویل دورحکومت ہے۔ سرکاری مشینری کو مخصوص خاندان سے وفادار بنایا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک دوسرے کی کرپشن بچانے والے بے نقاب ہو رہے ہیں، حالات بہتری کی طرف جا رہے ہیں، اچھی خبریں آئیں گی۔