پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف واحد ٹی ٹوینٹی کے لیے 12 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا

لندن: پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف کل سے شروع ہونے والے واحد ٹی ٹوینٹی میچ کے لیے 12 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف کل سے شروع ہونے والے واحد ٹی ٹوینٹی میچ کے لیے 12 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا، فاسٹ بولر محمد عامر کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ تیاری مکمل ہے، بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے، ٹی ٹوینٹی میں یاسر شاہ ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم نے انگلینڈ میں تین پریکٹس میچ جیتے ہیں، ٹیم کا مورال بلند ہے، انشاء اللہ کوشش کریں گے کہ پہلا میچ جیت کر ٹور کا عمدہ آغاز کریں۔

مزید پڑھیں: آئی سی سی ٹی20رینکنگ : پاکستان ٹیم پہلی پوزیشن پر تاحال برقرار

انہوں نے کہا کہ دونوں ٹی ٹوینٹی کی اچھی ٹیمیں ہیں، پاکستان پچھلے ایک ڈیڑھ سال سے بہت زیادہ کرکٹ کھیلتا ہوا  آرہا ہے، ٹی ٹوینٹی میں ہم پہلے نمبر پر موجود ہیں۔

سرفراز کا کہنا تھا کہ ہماری پلیئنگ الیون وہی ہے جو لیسٹر شائر کے خلاف ٹی ٹوینٹی میچ میں کھیلی تھی بس محمد عامر کی واپسی ہوئی ہے، میچ سے قبل حتمی ٹیم کا اعلان کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم میں فاسٹ بولرز کے درمیان مقابلہ ہے جو ٹیم کے لیے اچھی بات ہے، لڑکے بہت زیادہ محنت کررہے ہیں، ورلڈ کپ سے قبل پانچ میچز کی سیریز ہے فوکس انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز پر ہے، کوشش ہوگی اچھی کرکٹ کھیلیں۔

سرفراز احمد نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز جیت کر ورلڈ کپ کھیلیں گے تو مورال بلند ہوگا اور کوشش ہوگی کہ ورلڈ کپ میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔