’نواز شریف 7 مئی کو خود کو جیل حکام کے حوالے کریں گے‘

لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ نواز شریف پاکستان کے محسن ہیں، قوم کے محسن کو بے گناہ سزا دی جارہی ہے، نواز شریف 7 مئی کو خود کو جیل حکام کے حوالے کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں مسلم لیگ نے رہنماؤں نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم کے کہنے پر گورنر اسٹیٹ بینک کو ہٹایا گیا، حکومت نے عام آدمی کی زندگی مشکل کردی ہے۔

نواز شریف کی صحت کے مسائل ہیں، رانا ثناء اللہ

مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نواز شریف کی صحت کے مسائل ہیں، آئی ایم ایف کے ملازم کو کابینہ میں شامل کیا گیا ہے، حکومت نے تین گنا مہنگائی میں اضافہ کیا ہے۔

ن لیگ پاکستان کا اثاثہ ہے، احسن اقبال

مسلم لیگ ن کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال نے کہا کہ مریم نواز نے ن لیگ میں متحرک کردار ادا کیا ہے، مریم نواز کو پارٹی کی تنظیم میں خوش آمدید کہتے ہیں، ن لیگ کی تنظیم سازی میں تھوڑی تاخیر ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ پاکستان کا اثاثہ ہے، ہمارے پاس اقتصادی وژن ہے، ن لیگ کے دور میں تاریخی کام ہوئے جو ماضی میں نہیں ہوئے، پارٹی میں تنظیم سازی مکمل ہوگئی ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ ہمارے پانچ سال کی ترقی ماضی کے 25 سال پر بھاری ہے، شہباز شریف نواز شریف کی ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین ہیں، حکومت نے پاکستان کو آئی ایم ایف کی کالونی بنادیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے پاکستان کی خود مختاری کا سودہ کردیا ہے، آئی ایم ایف کے کہنے پر گورنر اسٹیٹ بینک، چیئرمین ایف بی آر کو ہٹایا۔

شہباز شریف 10 دن میں وطن واپس آجائیں گے، شاہد خاقان

مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ شہباز شریف ہی ن لیگ کے صدر ہیں وہ 10 دن میں وطن واپس آجائیں گے، نواز شریف اور شہباز شریف کا ایک ہی بیانیہ ہے، نواز شریف کے بیانیے کی کسی نے مخالفت نہیں کی ہے۔