صدر عارف علوی کی وائس چانسلر جامعہ کراچی پروفیسر اجمل کے گھر آمد

عارف علوی

کراچی: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی وائس چانسلر جامعہ کراچی پروفیسر اجمل خان کے گھر تعزیت کے لیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق صدرِ پاکستان عارف علوی نے جامعہ کراچی کے مرحوم وائس چانسلر پروفیسر اجمل خان کے گھر جا کر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔

صدر مملکت عارف علوی نے مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی، اس موقع پر انھوں نے کہا کہ ڈاکٹر اجمل خان کی تعلیم کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان عارضۂ قلب کے باعث مقامی اسپتال میں دوران علاج انتقال کر گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:  جامعہ کراچی کے وائس چانسلرڈاکٹر محمد اجمل خان انتقال کرگئے

پروفیسر اجمل خود بھی جامعہ کراچی کے طالب علم رہے تھے، انھوں نے کراچی یونی ورسٹی سے 1973 میں نباتیات میں بی ایس آنرز اور اگلے برس پلانٹ فزیالوجی میں ایم ایس سی کیا تھا۔

1985 میں امریکا کی اوہایو یونی ورسٹی سے فزیالوجیکل ایکولاجی میں پی ایچ ڈی کرنے کے بعد کراچی یونی ورسٹی سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری لی۔

ڈاکٹر اجمل کو متعدد قومی اعزازات سے بھی نوازا گیا، صدارتی تمغاے حسن کارکردگی، ستارۂ امتیاز، نمایاں قومی پروفیسر اور 2008 میں نمایاں سائنس دان ہونے کا اعزاز ان میں شامل ہیں۔