ملک بھر میں پہلا روزہ کل ہوگا، خیبرپختونخوا کے بعض اضلاع میں آج پہلا روزہ

اسلام آباد : ملک بھر میں پہلا روزہ کل ہوگا، خیبرپختونخوا کے بعض اضلاع میں آج پہلا روزہ ہے جبکہ وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی نے کہا کہ صوبے میں سرکاری سطح پر منگل کو پہلا روزہ ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کل سات مئی کو پہلا روزہ رکھا جائےگا ،خیبرپختونخوا کے بعض اضلاع میں آج پہلا روزہ رکھا گیا ہے۔

گزشتہ  روز مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت رویت ہلال کمیٹی کا  مرکزی اجلاس کراچی جبکہ ملک کے دیگر شہروں میں زونل کمیٹیوں کا اجلاس ہوا تھا، تمام اجلاسوں میں فلکیات، سپارکو، محکمہ موسمیات کے ماہرین سمیت مفتیان کرام بھی شریک تھے۔

مرکزی کمیٹی نے ہر سال کی طرح دیگر شہادتیں جمع کرنے کے بعد حتمی اعلان کیا جبکہ چاند دیکھنے کے لیے جدید سائنسی ٹیلی اسکوپس سے مدد لی گئی۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا تھا کہ ملک بھر میں کہیں سے بھی چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی تاہم پشاور کی مسجد قاسم علی خان نے چاند نظر آنے کا اعلان کیا، مسجد قاسم علی خان کے اعلان کے بعد صوبائی دارالحکومت پشاور، خیبر، ہنگو، باجوڑ، چارسدہ اور مہمند میں پہلا روزہ رکھا گیا ہے۔

مزید پڑھیں : پاکستان بھر میں‌ رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں‌ آیا، پہلا روزہ 7 مئی کو ہوگا

دوسری جانب وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی نے کہا کہ صوبے میں سرکاری سطح پر منگل کو پہلا روزہ ہوگا۔

رحمتوں، برکتوں کے مہینے کا آغاز ہوتے ہی اہل اسلام نے مساجد کا رُخ کرلیا اور تروایح کےاجتماعات کے لیے خصوصی انتظامات کیے جارہے ہیں۔

واضح رہے  امریکا، آسٹریلیا اور خلیجی ممالک سمیت دیگر ملکوں میں رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کے بعد  فرزندان اسلام نے  آج  پہلا روزہ رکھا۔

خیال رہے روزہ تزکیہ نفس کا ذریعہ ہے، رمضان المبارک میں مسلمان مہینہ بھر روزے رکھتے ہیں یہ حکم الہی صرف امت مسلمہ کے لئے ہی نہیں پہلی امتوں کے لئے بھی تھا، روزہ سارا دن بھوکا پیاسا رہنے کا نام نہیں، انسان کی نفسانی تطہیر اور تقوی کا باعث بھی ہے۔

رمضان المبارک میں اسلامی تاریخ کے اہم واقعات بھی رونما ہوئے، جن میں نزول قرآن کی اہمیت سب سے زیادہ ہے، رمضان مبارک کے تینوں عشروں میں یاد الہی اور عبادت خداوندی کے ساتھ کثرت سے تلاوت قرآن مجید کی تاکید بھی کی گئی ہے۔