لاہور خود کش دھماکے پر امریکی سفارت خانے کا پیغام، حملے کو بزدلانہ قرار دے دیا

اسلام آباد: لاہور میں داتا دربار پر خود کش حملے پر امریکی سفارت خانے نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ بزدلانہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق آج داتا دربار کے باہر ایلیٹ فورس کی گاڑی پر ہونے والے خود کش حملے کو امریکی سفارت خانے نے بزدلانہ قرار دے دیا۔

امریکی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ ایسے بزدلانہ حملے رمضان کے پُر امن پیغام کے منافی ہیں۔

امریکی سفارت خانے کی جانب سے دھماکے کے متاثرین اور ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا بھی اظہار کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:  داتا دربار کے باہردھماکہ، 10 افراد شہید، 25 زخمی

خیال رہے کہ آج لاہور میں داتا دربار کے قریب ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 5 پولیس اہل کاروں سمیت 10 افراد شہید اور 25 زخمی ہوئے۔

ایلیٹ فورس کی گاڑی داتا دربار کے گیٹ نمبر 2 پر کھڑی تھی، خود کش حملے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی جب کہ قریب کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

یہ بھی پڑھیں:  لاہور دھماکا: ہمیں سیکورٹی پالیسی پر نظر ثانی کرنا ہوگی: وزیر داخلہ اعجاز شاہ

وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق لاہور دھماکا خود کش ہے، ایلیٹ فورس کی گاڑی کو ٹارگٹ کیا گیا تھا۔

اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ دوبارہ ایسے واقعات کا ہونا بد قسمتی ہے، ہمیں سیکورٹی پالیسی پر نظر ثانی کرنا ہوگی، سیکورٹی پالیسی پر نظر ثانی کی جا سکتی ہے۔