وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی طبیعت خراب، اسپتال منتقل

Faisal Vawda

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کی طبیعت خراب ہو گئی، وہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں بھی شرکت نہیں کر سکے اور انھیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق فیصل واوڈا کی طبیعت خراب ہو گئی، انھیں اے ایف آئی سی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، فیصل واوڈا کو دل کی تکلیف کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا۔

ذرایع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں نے علاج شروع کر دیا ہے، فیصل واوڈا کو انجائنا کی تکلیف ہوئی۔

قبل ازیں فیصل واوڈا کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرنی تھی لیکن طبیعت کی خرابی کے باعث وہ اجلاس میں شریک نہ ہو سکے۔

یہ بھی پڑھیں:  مہمند ڈیم کی تقریب سے واپسی پر فیصل واوڈا کا ہیلی کاپٹر خراب موسم کا شکار

وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا کی جگہ عمر ایوب نے سوالوں کے جواب دیے، روحیل اصغر نے اجلاس میں سوال کیا کہ بلوچستان میں ڈیم منصوبے تو سابق حکومت کے ہیں، یہ بتائیں وزیر اعظم ان منصوبوں کا افتتاح کب کر رہے ہیں۔

عمر ایوب نے جواب دیا کہ افتتاح ان منصوبوں کا کرتے ہیں جن کے لیے ہماری حکومت فنڈز دیتی ہے، سابق حکومت نے کئی ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز جاری نہیں کیے تھے۔

خیال رہے کہ دو مئی کو مہمند ڈیم کی افتتاحی تقریب سے واپسی پر فیصل واوڈا کا ہیلی کاپٹر خراب موسم کا شکار ہوگیا تھا اور پائلٹ نے تیز ہچکولوں اور جھکڑوں کے بعد ہیلی کاپٹر نیچے بہ حفاظت اتار لیا تھا۔