بے دردی سے قوم کو لوٹنے والے آج مگرمچھ کے آنسو بہارہے ہیں، فردوس عاشق اعوان

Firdous Ashiq Awan

اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بے دردی سے قوم کو لوٹنے والے آج مگرمچھ کے آنسو بہارہے ہیں، بلاول بھٹو آئی ایم ایف کے بارے میں پریشان نہ ہوں۔

تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بلاول بھٹو کی گفتگو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو آئی ایم ایف کے بارے میں پریشان نہ ہوں، وہ سندھ حکومت کی مالی بے ضابطگیوں پر جواب دیں۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو صوبائی خزانے پر ڈاکا زنی کا جواب دیں، وہ اندرون سندھ ایڈز متاثرین کو تسلی دینے کیوں نہیں گئے، لانچوں، گھروں سے برآمد پیسہ قوم کا ہے، واپس کرنا ہوگا۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ وفاق کے اربوں روپے ڈکارنے والے وفاق سے کس بات کا گلہ کررہے ہیں، بلاول جواب دیں ان کا اور ایان علی کا مشترکہ اکاؤنٹ کیا حسن اتفاق ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بھٹو کا وارث بننے کے لیے آپ کو کرپشن سے ناطہ توڑنا ہوگا، نوجوان نسل سے تعلق ہونے پر قوم کو بلاول سے نئی سوچ کی توقع تھی، افسوس ہے کہ آپ نے خود کو کرپشن کے دفاع پر مامور کرلیا، ذہین قابل پاکستانیوں پر ملک کے دروازے بند نہیں کرسکتے۔

مزید پڑھیں: سندھ واحد صوبہ ہے جہاں ٹیکس ہدف حاصل کیا جارہا ہے: بلاول بھٹو

واضح رہے کہ بلاول بھٹو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ سندھ وہ واحد صوبہ ہے جہاں ہم ٹیکس کا ہدف حاصل کرتے ہیں۔ ٹیکس وصولی کا ہدف صرف اٹھارویں ترمیم کی وجہ سے پورا ہوتا ہے۔ حکومت اپنی ناکامی چھپانے کے بجائے سندھ سے سیکھے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم طریقہ کار نہیں دیکھیں گے تو کسی کی کارکردگی کا کیسے پتہ چلے گا، کیا آئی ایم ایف فیصلہ کرے گا کہ گورنر اسٹیٹ بینک کون ہوگا۔ حکومت غریب کی مدد کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھا رہی۔ ٹیکس اہداف کی وصولی میں حکومت بدترین کارکردگی دکھا رہی ہے۔