اسلام آباد: چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ ملک سے کرپشن ختم کرنے کے لیے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد نیب ہیڈکوارٹر میں نیب آپریشنز کے حوالے سے چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے اجلاس کی صدارت کی۔
انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیب ملک میں شفافیت کے فروغ کے لیے سرگرم عمل ہے، کرپشن کو جڑ سے ختم کرنا ہماری قومی ذمہ داری ہے۔
چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب ملکی دولت لوٹنے والوں سے رقم واپس لے کر قومی خزانے میں جمع کروانے کے عمل پرسختی سے کاربند ہے۔
جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا کہ نیب کی جانب سے عدالتوں کو کرپٹ افراد کے خلاف ٹھوس شواہد دیے جائیں گے تاکہ کرپشن میں ملوث افراد کو سزائیں دلوائی جاسکیں۔
انہوں نے کہا کہ نیب افسران کو ہدایت کی ہے کہ ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد اکٹھے کرنے کے بعد مقدمات عدالتوں میں دائر کیے جائیں۔
چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب کی کرپشن ختم کرنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کی وجہ سے پاکستان کو سارک ممالک میں ایک رول ماڈل کے طور پردیکھا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سارک اینٹی کرپشن فورم کا پہلا چیئرمین ہے اور یہ بڑی کامیابی نیب کی وجہ سے ممکن ہوئی ہے۔