12 مئی سیاسی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، قاتلوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی: اسفندیار ولی

اسلام آباد: عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ 12 مئی سیاسی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، شہید کارکنوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق سربراہ اے این پی اسفندیار ولی نے بارہ مئی کو سیاسی تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہید کارکنوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

اسفندیار ولی کا کہنا تھا کہ اے این پی نے کبھی غیر جمہوری قوت کا ساتھ نہیں دیا، عوام کی لاشیں گرانے والے چہرے بے نقاب ہو چکے تھے، بد قسمتی سے بے نقاب چہروں کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی۔

اے این پی کے سربراہ نے کہا کہ سیاسی ایجنڈے میں مصروف وطن دشمنوں کا سیاست سے تعلق نہیں، پاکستان میں جمہوری نظام کے بغیر کوئی نظام نہیں چل سکتا، قاتلوں کا ساتھ دینے والے عوام کا سامنا نہیں کر سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:  سانحہ 12 مئی: مزید ملزمان گرفتار، ڈیڑھ ماہ میں جے آئی ٹی رپورٹ فائنل کرنے کی تیاری

یاد رہے 12 مئی 2007 کو سابق معزول چیف جسٹس افتخار چوہدری کی کراچی آمد کے موقع پر کراچی میں مختلف مقامات پر فائرنگ کے واقعات میں درجنوں افراد مار دیے گئے تھے۔

26 اکتوبر 2017 کو ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی کامران فاروقی نے سانحہ 12 مئی سمیت دیگر قتل کی وارداتوں کا اعتراف کرتے ہوئے عدالت میں بیان حلفی جمع کرایا، جس میں انھوں نے کہا کہ قیادت نے حکم دیا کہ افتخار چوہدری کا راستہ روکنے کے لیے قتل و غارت گری یا ہنگامہ آرائی کر کے ہر صورت شہر بند کیا جائے۔