چنیوٹ: 5 روپے نہ دینے پر نا معلوم افراد نے بچے کی آنکھ فائر کر کے ضائع کر دی

چنیوٹ: پنجاب کے شہر چنیوٹ میں 5 روپے نہ دینے پر نا معلوم افراد نے بے رحمی سے بچے کی آنکھ فائر کر کے ضائع کر دی۔

تفصیلات کے مطابق چنیوٹ میں نا معلوم افراد نے 8 سالہ بچے نعیم کی آنکھ پر چھرے والی بندوق سے فائر کیا، بچے نے پانچ روپے دینے سے انکار کیا تھا۔

مقامی اسپتال کے ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ چھرے لگنے سے 8 سالہ نعیم کی بائیں آنکھ ضائع ہو گئی ہے۔

بچے کی حالت نازک ہونے کے پیش نظر اسے الائیڈ اسپتال فیصل آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔

بچے کے والد کا کہنا ہے کہ اس کا بیٹا 5 روپے جیب خرچ لے کر مدرسے جا رہا تھا، 2 افراد نے بچے سے پیسے مانگے، بچے کے انکار پر انھوں نے اس کی آنکھ پر فائر کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں:  لاہور: رشتہ نہ دینے پر لڑکی کے بال مونڈ دیے، مقدمہ درج

والد نے مطالبہ کیا کہ پولیس ملزمان کو گرفتار کرے، جنھوں نے اس کے بیٹے کو ایک آنکھ سے محروم کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ آج لاہور کے علاقے فیکٹری ایریا میں رشتہ نہ دینے پر لڑکے نے سیکنڈ ائیر کی طالبہ پر تشدد کر کے اس کے بال مونڈ دیے، مبینہ تشدد سے لڑکی کا بازو بھی ٹوٹ گیا۔

پولیس نے لڑکی پر تشدد کا مقدمہ درج کر کے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے شروع کر دیے۔