کوئٹہ: منی مارکیٹ دھماکے کا مقدمہ کوئٹہ کے تھانے سی ٹی ڈی میں درج کرلیا گیا، نامعلوم افراد کے خلاف درج کیے گئے مقدمے میں قتل، اقدام قتل اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کا مقدمہ سیٹلائٹ ٹاؤن کے ایس ایچ او کی مدعیت میں تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کرلیا گیا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیے گئے مقدمے میں قتل، اقدام قتل اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
کوئٹہ، سیٹلائٹ ٹاؤن میں دھماکا، 4 پولیس اہلکار شہید، 12 زخمی
یاد رہے کہ گزشتہ شب کوئٹہ کے علاقے منی مارکیٹ میں پولیس موبائل کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار شہید جبکہ 2 پولیس اہلکاروں سمیت 12 افراد زخمی ہوئے۔
وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔
وزیراعظم کی کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مقدس مہینے میں بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنانے والوں کا کوئی مذہب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم ہمارے حوصلے بلند ہیں اور ہم دہشت گردی کے عفریت کا مکمل صفایا کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔