ق لیگ نے حکومتی اتحاد میں دراڑوں کی خبروں کو جھوٹ قرار دے دیا

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ نے حکومتی اتحاد میں دراڑوں کی خبروں کو جھوٹ قرار  دے دیا.

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرہاؤسنگ طارق بشیرچیمہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی، ق لیگ میں دراڑ کی خبریں100 فی صد جھوٹ ہیں، نقطہ نظرالگ الگ ہو، تو قیادت مل بیٹھ کرفیصلے کرلیتی ہے.

مسلم لیگ ق سے تعلق رکھنے والے طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ پی ٹی آئی، وزیر اعظم سےعزت، خلوص اور احترام کا رشتہ ہے، وزیر اعظم عثمان بزدارکی حمایت کرتے ہیں تو ہم بھی کرتے ہیں.

انھوں نے مزید کہا کہ پنجاب بڑا صوبہ ہے، اللہ کرے کہ عثمان بزدار کامیاب وزیراعلیٰ ثابت ہوں، وزیراعظم نے ان کا انتخاب کیا ہے، تو ہم ایمان داری سے تعاون کریں گے، اس وقت پنجاب میں مزید تجربات برداشت نہیں کر سکتے.

مزید پڑھیں: وزیر اعظم کی نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ سے تمام تر رکاوٹیں دور کرنے کی ہدایت

طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ 50 لاکھ گھر منصوبے کو مکمل ہونے سے کوئی نہیں روک سکے گا، منصوبہ 5 سال میں ضرور مکمل ہوگا.

وفاقی وزیرطارق بشیر چیمہ نے مزید کہا کہ اگر 4 سے 5 لاکھ گھر رہ بھی گئے، تو نئی حکومت پراجیکٹ‌ کو کسی صورت روک نہیں سکے گی.

خیال رہے کہ ایک عرصے سے پنجاب میں اتحادی جماعت مسلم لیگ ق اور پی ٹی آئی میں اختلافات کی خبریں گردش کر رہے ہیں، جن کی اتحاد کی جانب سے متعدد بھی تردید کی جاچکی ہے.