اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن حکومت کو ڈکٹیٹ کرنے کی کوشش نہ کرے، ہر وہ کام کریں گے جو ملک و قوم کے مفاد میں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے ن لیگی رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن کے رہنماؤں اور ترجمانوں کی زبانیں گروی ہیں، شاہد خاقان عباسی کٹھ پتلی وزیراعظم تھے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آپ ایک بار شریفوں کا نہیں ملک کا بن کر سوچیں، شاہد خاقان بتائیں پی آئی اے خسارے میں کیسے گئی، احتساب وہی کرتا ہے جس کے ہاتھ اور نیت صاف ہوں۔
انہوں نے کہا کہ زرداری کے پیسے لانے کا دعویٰ تو آپ کے لیڈر نے بھی کیا تھا، پہلے آپ کرپشن کریں پکڑے جائیں تو سیاسی انتقام کا رونا روئیں۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ مسلم لیگ ن چوری، سینہ زوری کی زندہ مثال اور کرپشن کی پناہ گاہ رہی ہے، آپ آئی ایم ایف کا پروگرام لیں تو صحیح، ہم جائیں تو وہ غلط ہے۔
مزید پڑھیں: امیر مقام کے بیٹے کی گرفتاری سیاسی انتقام ہے: شاہد خاقان عباسی
واضح رہے کہ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ جب ہم ایمنسٹی اسکیم لائے تو عمران خان اور اسد عمر نے تنقید کی، ہماری ایمنسٹی اسکیم اصلاحاتی پیکیج تھا، ہر سال ایمنسٹی اسکیم نہیں لائی جاتی۔
ان کا کہنا تھا کہ امیر مقام کے بیٹے کی گرفتاری سیاسی انتقام ہے، کرپشن ہے تو وہ بی آر ٹی کے منصوبے میں ہے، حکومت کو جہاں کرپشن ہے وہاں نظر نہیں آ رہی۔
شاہد خاقان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نا کام ہو گئی ہے تو اس میں ہمارا کوئی قصور نہیں ہے۔