بیجنگ: بالی ووڈ انڈسٹری کے نامور اداکار عامر خان بھی باصلاحیت پاکستانی لیجنڈ فنکار معین اختر کے مداح نکلے۔
تفصیلات کے مطابق قہقہوں کے بادشاہ معروف اداکار، کامیڈین معین اختر کا فن آج بھی زندہ ہے، فن کی دنیا میں مزاح سے لے کر پیروڈی تک اسٹیج سے ٹیلی ویژن تک معین اختروہ نام ہے جس کے بغیر اردو مزاح کی تاریخ نامکمل ہے۔
پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی سے تعلق رکھنے والے معین اختر 24 دسمبر 1950 کو کراچی میں پیدا ہوئے اور انہوں نے پاکستان ٹیلی ویژن پر اپنے کام کا آغاز 6 ستمبر 1966ء کو پاکستان کے پہلے یوم دفاع کی تقاریب کے لیے کیے گئے پروگرام سے کیا۔
جس کے بعد انہوں نے کئی ٹی وی ڈراموں، سٹیج شوز میں کام کرنے کے بعد انور مقصود اور بشرہ انصاری کے ساتھ ٹیم بنا کر کئی معیاری پروگرام پیش کیے، اُن کی شوبز کے لیے گراں قدر خدمات کے آج بھی لوگ معترف ہیں۔
مزید پڑھیں: لوز ٹاک: معین اختر کے یادگار بہروپ
معین اختر اپنی مثال آپ تھے جن کی فنکاری کا کوئی مول نہیں، موجودہ دور کے کئی مزاحیہ فنکار لیجنڈ اداکار سے اس قدر متاثر ہیں کہ وہ خود کو سب سے بڑا مداح کہلوانے میں فخر محسوس کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ بالی ووڈ کے صفِ اول اداکار اور مسٹر پرفیکشنسٹ کا لقب حاصل کرنے والے عامر خان بھی معین اختر کے فین نکلے۔
مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر مشاہد حسین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اداکار عامر خان کے ساتھ ایک تصویر پوسٹ کی جس میں وہ خوش گوار موڈ میں اداکار کے ساتھ مصافحہ کرتے نظر آرہے ہیں۔
مشاہد حسین نے یہ بھی کہا کہ چین کے صدر شی جنگ پنگ کی میزبانی میں منعقدہ ایشیائی تہذیبوں کے درمیان پہلے مکالمے میں عامر خان کے ساتھ اچھی ملاقات رہی۔
Good meeting with legendary Indian movie icon, Amir Khan, who is also in Beijing for the first Asian Civilisations Dialogue, hosted by President Xi Jinping; Amir Khan’s movie ‘Dangal’ is a big hit in China, he says ‘I am a huge fan of late Moin Akhter, an amazing/talented actor’! pic.twitter.com/cpxQDcs2N8
— Mushahid Hussain (@Mushahid) May 15, 2019
انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں یہ بھی بتایا کہ عامر خان کی فلم ’دنگل‘ چین میں سپر ہٹ رہی ہے جب کہ عامر خان نے ملاقات کے دوران کہا کہ ’میں لیجنڈ اداکار معین اخترکا بہت بڑا مداح ہوں، وہ حیرت انگیز اور با صلاحیت اداکار تھے‘۔