دبئی :آئی سی سی نے ورلڈ کپ کی لمحہ بہ لمحہ آگاہی کے لیے انگریزی کے ساتھ ساتھ اردو زبان میں بھی ایپ متعارف کرا دی ہے، دنیا بھر میں کرکٹ ورلڈ کپ کا جنون سر چڑھ کر بول رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے پہلی بار ورلڈ کپ کی آگاہی کے لیے اردو زبان سمیت خطے کی دیگر زبانوں میں ایپ متعارف کرائی ہے، یہ ایپ ورلڈ کپ 2019میں ہونے والے ہر میچ کی رئیل ٹائم اپ ڈیٹ فراہم کرے گی اور ان شائقین کے لیے انتہائی کارآمد ہوگی جو کہ میچ کے دوران اپنی ملازمت یا کسی اور سبب میچ نہیں دیکھ پارہے ہوں گے۔
یہ ایپ شائقین کو لمحہ بہ لمحہ کرکٹ کی خبروں اور ان پر تبصروں سے آگاہ رکھے گی۔واضح رہے کہ آئی سی سی نے صرف اردو ہی نہیں بلکہ ہندی اور بنگالی زبان میں بھی ایپس متعارف کرائی ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان میں کرکٹ سب سے زیادہ پسند کیاجانے کھیل ہے اور پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ 1992 سمیت کئی اہم ایونٹس کی فاتح بھی رہی ہے ، گزشتہ ماہ جب ورلڈ کپ ٹرافی پاکستان پہنچی تو اسلام آباد ، لاہور اور کراچی میں تماشائیوں کا جوش و خرو ش دیدنی تھا۔
کراچی میں اس موقع پر پورٹ گرینڈ میں شاندار کنسرٹ کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں کرکٹ لوورز نے بھرپور انداز میں شرکت کی، تقریب میں قومی ترانے کی دھن میں ٹرافی کو پیش کیا گیا۔
کنسرٹ میں سجاد علی اور دیگر نامور گلوکاروں کی جادوئی آواز نے سماں باندھ دیا، علی ظفر نے بھی شائقین کا جوش بڑھایا، ورلڈ کپ ٹرافی کا شہر قائد میں آج آخری روز ہوگا، حسین اور یادگار لمحات شائقین کے ذہنوں میں محفوظ رہیں گے۔
پاکستان کے ساتھ ہندوستان اور بنگلہ دیش میں بھی کرکٹ کے لیے ایسا ہی جنون اور جوش و جذبہ پایا جاتا ہے ، یہی وجہ ہے کہ آئی سی سی نے اردو کے ساتھ ساتھ ہندی اور بنگلہ میں بھی موبائل ایپ متعارف کرائی ہیں۔