خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تشویش ہے: وزیر خارجہ

Shah Mehmood

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بشکک میں شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں چین اور روس کے وزرائے خارجہ سے باالخصوص ملنا چاہوں گا۔ خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تشویش ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کرغزستان کے دارالحکومت بشکک روانہ ہوگئے۔ بشکک روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ بشکک میں شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس ہوگا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ 8 ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ملاقاتیں کروں گا، اس کے علاوہ 3 اہم دو طرفہ ملاقاتیں طے ہیں۔ خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تشویش ہے، چین اور روس کے وزرائے خارجہ سے باالخصوص ملنا چاہوں گا۔

انہوں نے کہا کہ چاہوں گا کہ مستقل 5 ارکان سے مشاورت کروں، واپسی پر خصوصی اجلاس میں بدلتی ہوئی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔ جائزے کے بعد ایران کے وزیر خارجہ کو واضح نقطہ نظر دے سکیں گے۔

خیال رہے کہ وزیر خارجہ شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل اجلاس میں شرکت کریں گے، 2 روزہ اجلاس آج کرغزستان کے شہر بشکک میں شروع ہورہا ہے۔ وزیر خارجہ اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کریں گے۔

اجلاس میں مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کریں گے۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل سے بھی وزیر خارجہ کی ملاقات متوقع ہے۔ وزیر خارجہ اجلاس میں وفود کی سطح پر مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔