پاکستان تمام ہمسایوں سے بہترین تعلقات چاہتا ہے: وزیر خارجہ

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت اور افغانستان ہمارے ہمسائے ہیں، پاکستان تمام ہمسایوں سے بہترین تعلقات چاہتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت اور افغانستان ہمارے ہمسائے ہیں، پاکستان کے دونوں ہمسائے جغرافیائی لحاظ سے ہے۔ پاکستان تمام ہمسایوں سے بہترین تعلقات چاہتا ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے پاکستان معاشی طور پر زیادہ مضبوط نہ ہوسکا، معاشی طور پر مستحکم ہونے سے خطے کے دیگر ممالک کا فائدہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ کشیدگی سے فائدہ کسی کو نہیں ہوگا، دونوں ممالک مل بیٹھ کر مسائل کا حل تلاش کریں۔ بھارتی وزیر خارجہ سے اچھے ماحول میں غیر رسمی ملاقات ہوئی۔

اس سے قبل ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف سے ملاقات کے دوران شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ خطے میں کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں۔ پاکستان تمام تصفیہ طلب امور کے سفارتی سطح پر حل کا حامی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے، خطے میں امن و استحکام کے لیے کردار ادا کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ کشیدگی میں کمی کے لیے مصالحانہ کردار ادا کرنے کے لیے کوشاں رہیں گے۔