غربت کے خاتمے کے لئے چین کے ماڈل کو پنجاب میں نافذ کریں گے، عثمان بزدار

عثمان بزدار

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ غربت کے خاتمے کے لئے چین کے ماڈل کو پنجاب میں نافذ کریں گے، دونوں ممالک کے درمیان دوستی کا لازوال رشتہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ ہاؤس پنجاب میں چین کے نائب صدر  وانگ کشان سے خصوصی ملاقات کے موقع پر کیا، دونوں شخصیات کی ملاقات میں پاک چین تعلقات، سی پیک پر پیشرفت اور مختلف شعبوں میں تعاون پر بات چیت ہوئی۔

اس موقع پر صنعت، زراعت، سیاحت اور دیگرشعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق اور اس کے علاوہ پنجاب اور چین کے شہروں کے مابین اشترا ک کار کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تعلقات دو ملکوں کے نہیں بلکہ دو بھائیوں کے درمیان لازوال دوستی کا رشتہ ہے، چین نے بہتر حکمت عملی سے70کروڑ لوگوں کو20برس میں غربت سے نکالا۔

مزید پڑھیں : چین کے نائب صدر کی پاکستان آمد باعث فخروانبساط ہے، عثمان بزدار

ان کا مزید کہنا تھا کہ غربت کے خاتمے کے لئے چین کے ماڈل کو پنجاب میں نافذ کرینگے، علاقائی خودمختاری اور قومی سلامتی پر چین کا تعاون قابل قدر ہے۔