وزیراعظم عمران خان 30 مئی کو سعودی عرب روانہ ہوں گے، ذرائع

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان30 مئی کوسعودی عرب روانہ ہوں گے، جہاں وہ اوآئی سی کانفرنس میں شرکت اور سربراہ اجلاس سےکلیدی خطاب کریں گے جبکہ مکہ پہنچ کرعمرہ کی ادائیگی کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے وزیراعظم عمران خان30 مئی کوسعودی عرب روانہ ہوں گے، سعودی عرب میں وزیر اعظم او آئی سی سربراہ مملکت کے اجلاس میں شرکت کریں گے اور مکہ پہنچ کرعمرہ کی ادائیگی کریں گے۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے وزیراعظم عمران خان کیساتھ وفدبھی سعودی عرب جائےگا، او آئی سی سربراہ اجلاس 30 اور 31 مئی کو ہوگا، وزیر اعظم 31 مئی کو او آئی سی اجلاس سے کلیدی خطاب کریں گے جبکہ سعودی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

کانفرنس میں دیگرسربراہوں سےسائیڈلائن ملاقاتوں کاشیڈول ترتیب دیاجارہاہے، وزیر اعظم عمران خان یکم جون کوپاکستان واپس آئیں گے۔

دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سعودی عرب پہنچ گئے ہیں ، سعودی وزارت خارجہ کے چیف آف پروٹوکول جمال ناصر نے ان کا استقبال کیا، اس موقع پر پاکستان کے سفیر علی اعجاز اور جدہ قونصل خانےکےقونصل جنرل شہریار اکبر موجود تھے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اسلامی تعاون تنظیم کےوزرائےخارجہ کونسل کےاجلاس میں شرکت کریں گے۔

مزید پڑھیں : وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سعودی عرب روانہ

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب روانگی سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھاکہ اوآئی سی سربراہ اجلاس کے ایجنڈے کوحتمی شکل دی جائے گی، جلاس میں مشرق وسطیٰ کی صورت حال پرتبادلہ خیال کیا جائے گا، ایران کی صورت حال اورخطے میں کشیدگی پربات چیت ہوگی۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی  کا کہنا تھا جلاس کی سائیڈ لائنزپرکچھ وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں بھی طے ہیں، سعودی عرب میں کشمیررابطہ گروپ کا اجلاس بھی متوقع ہے، کشمیر رابطہ گروپ کے ارکان اپنا نقطہ نظر پیش کریں گے۔