اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عیدالفطر کی مناسبت سے تعطیلات کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ہر سال کی طرح امسال بھی عیدالفطر کے موقع پر وفاقی حکومت کی جانب سے سرکاری و نجی اداروں کے ملازمین کو چھٹیاں دی گئی ہیں۔
نوٹی فکیشن کے مطابق وفاقی حکومت نے چار جون سے 7 جون تک چھٹیوں کا اعلان کیا، یعنی منگل تا جمعہ تمام سرکاری و نجی ادارے بند رہیں گے اور ہفتے سے دفاتر معمول کے مطابق کھلیں گے۔
مزید پڑھیں: سعودی عرب: عیدالفطر پر 10 روز کی تعطیلات کا اعلان
جن اداروں میں ہفتہ وار دو تعطیلات ہوتی ہیں وہ تمام دفاتر پیر سے کھلیں گے، یوں وہاں کے ملازمین کو صرف آئندہ ہفتے میں صرف پیر کے روز ڈیوٹی پر جانا ہوگا۔
یاد رہے کہ وفاقی وزیربرائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے قمری کیلنڈر کا اجرا کرتے ہوئے ویب سائٹ متعارف کرادی جس کے مطابق ملک بھر میں عید الفطر پانچ جون کو منائی جائے گی، اس حساب سے حکومت نے 29ویں روزے سے عید کے تیسرے روز تک کی چھٹی دینے کا اعلان کیا۔
قمری کیلنڈر کے مطابق امسال 29 روزے ہوں گے اور شوال کا چاند 4جون کو نظر آنے کا امکان ہے اور عید الفطر 5 جون ہوگی، انہوں نے کہا تھا کہ قمری کیلنڈر جاری کرنے سے قبل مفتی منیب الرحمن اور مفتی شہاب الدین پوپلزئی سے مشاورت کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: شوال کا چاند 4جون کو نظر آنے کا امکان ہے، فوادچوہدری
واضح رہے کہ فواد چوہدری نے قمری کیلنڈر بنانے کےلئے پانچ رکنی کمیٹی قائم کی تھی، جس میں اسپارکو، محکمہ موسمیات اور سائنس اور ٹیکنالوجی کے ماہرین شامل تھے۔