لاہور : اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز تاحال نیب میں پیش نہیں ہوئے، قومی احتساب بیورو (نیب) نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں حمزہ شہباز کو ذاتی حیثیت میں آج طلب کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) کی 3رکنی تحقیقاتی ٹیم اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہبازکی آمدکی منتظر ہے ، حمزہ شہباز تاحال نیب میں پیش نہیں ہوئے۔
نیب نے آمدن سےزائداثاثہ جات،منی لانڈرنگ کیس صبح ساڑھے 9 بجے حمزہ شہباز کو طلب کیا تھا اور حمزہ شہباز کو متعدد دستاویزات ساتھ لانےکا کہا تھا۔
نیب کی جانب سے حمزہ شہبازکو نیب میں طلبی کا مراسلہ بھی جاری کیا تھا ، مراسلے میں حمزہ شہباز کوصبح ساڑھے 9 بجے نیب میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی، انھیں آمدن سے زائد اثاثے اورمنی لانڈرنگ پر طلب کیا گیا۔
نیب کی 3 رکنی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم حمزہ شہباز سے پوچھ گچھ کرےگی۔
مزید پڑھیں : حمزہ شہبازکا لاہور ہائی کورٹ بنچ پراچانک عدم اعتماد کا اظہار
اس سے قبل بھی حمزہ شہباز اسی کیس میں نیب میں پیش ہوچکے ہیں تاہم وہ نیب ٹیم کو مطمئن نہیں کرسکے تھے، جس کے باعث انہیں دوبارہ طلب کیا گیا ہے۔
یاد رہےکہ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے رمضان شوگر ملز، آمدن سے زائد اثاثوں اور صاف پانی کیس میں عبوری ضمانت حاصل کررکھی ہے۔
گذشتہ روز حمزہ شہباز نے عبوری ضمانت میں توسیع کی درخواست پر سماعت کرنے والے لاہور ہائی کورٹ کے بینچ پر عدم اعتماد کا اظہار کیا تھا۔
خیال رہے منی لانڈرنگ اور آمدن سےزائد اثاثوں پر شریف فیملی کےخلاف تحقیقات مختلف زاویوں سےجاری ہیں ، شریف خاندان پر الزام ہے کہ 1999 میں اُن کے اثاثہ جات کی مالیت پانچ کروڑ چھتیس لاکھ تھی جبکہ 2019 تک اُن میں سوا تین ارب روپے کا اضافہ ہوا۔
واضح رہے کہ 6 اپریل کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس اور منی لانڈرنگ کیس میں نیب نے دو بار حمزہ شہباز کی گرفتاری کے لئے ان کے گھر پر چھاپہ مارا تھا تاہم نیب انھیں گرفتار کرنے میں ناکام رہی تھی۔