اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس طلب، وزیر اعظم سیکریٹریٹ کے لیے اضافی فنڈز کا معاملہ ایجنڈے میں شامل

اسلام آباد: مشیر خزانہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس کل طلب کر لیا، وزیر اعظم سیکریٹریٹ کے لیے اضافی فنڈز کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کل اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے، اجلاس میں 23 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا، وزیر اعظم سیکریٹریٹ کی دیکھ بھال پر اضافی فنڈز کا معاملہ ایجنڈے میں شامل ہے۔

سپریم کورٹ اسلام آباد کی عمارت کے لیے بھی اضافی فنڈز پر غور کیا جائے گا، ججوں کی رہایش گاہوں، ریسٹ ہاؤسز کی دیکھ بھال کے اضافی فنڈز پر بھی غور ہوگا۔

کراچی میں گرین لائن بس آپریشنل کرنے کے لیے سیڈ منی کی فراہمی، وزارت اطلاعات کے واجبات کی ادائیگی کے لیے ضمنی گرانٹ ایجنڈے میں شامل ہیں۔

ای سی سی نے ملک میں گندم کی صورت حال پر رپورٹ طلب کر لی، اجلاس میں بحری جہازوں کی درآمد پر سیلز ٹیکس، کسٹمز ڈیوٹی ختم کرنے کی سمری پیش ہوگی، میری ٹائم فلیگ پروٹیکشن سے متعلق فیصلوں پر عمل درآمد کا معاملہ بھی دیکھا جائے گا۔

فاٹا اور ٹی ڈی پیز کے لیے 20 ہزار میٹرک ٹن گندم فراہمی کی سمری پر غور کیا جائے گا، برآمدات بڑھانے کی اسکیموں کے لیے ضمنی گرانٹ کی منظوری دی جائے گی اور دیگر مختلف وزارتوں، ڈویژنز کے لیے ضمنی گرانٹس کی سمریاں بھی پیش کی جائیں گی۔