جعلی اکاؤنٹس کیس : نیب نے کراچی اور لاہور سے تین بینکرز کو گرفتار کرلیا

اسلام آباد : نیب راولپنڈی نے جعلی اکاﺅنٹس کیس میں کراچی اور لاہور میں چھاپہ مار کر تین بینکرز کو حراست میں لے لیا، ملزمان میں بلال شیخ، طارق حسن اور سید ندیم الطاف شامل ہیں۔

قومی احتساب بیورو راولپنڈی نے جعلی اکاؤنٹس کیس کے سلسلے میں لاہور کراچی میں چھاپے مار کر تین بینکرز کو گرفتار کرلیا، اس حوالے سے نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ہونے والوں میں صدر سندھ بینک طارق احسن بھی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ کارروائی میں  سندھ بینک کے سابق صدر بلال شیخ کو کراچی سے گرفتارکیا گیا جبکہ ایگزیکٹو وائس پریزیڈنٹ سندھ بینک سید ندیم الطاف کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔

ذرائع نیب کے مطابق ملزمان نے غیرقانونی طریقے سے اومنی گروپ کو قرضے جاری کئے، اومنی گروپ کی بےنامی کمپنیز کو ایک ارب80کروڑ روپے کے قرضےجاری کئے گئے۔

نیب ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بلال شیخ جعلی بینک اکاؤنٹس کو رقوم کی فراہمی کا اہم کردار ہے، مذکورہ ملزم اس وقت سندھ بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں بھی شامل ہے۔

خیال رہے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی اور گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا، جس کے بعد نیب ٹیم نے سابق صدر آصف زرداری کو بلاول ہاؤس سے گرفتار کرلیا تھا۔

مزید پڑھیں : جعلی اکاؤنٹس کیس میں سندھ حکومت کے اعلیٰ افسرکی گرفتاری

اس سے قبل گزشتہ ماہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب راولپنڈی نے ایک اور کارروائی میں سندھ حکومت کےاعلیٰ افسرسجاد عباسی کو گرفتارکیا تھا، سجاد عباسی ورکس اینڈ سروسز کے سیکرٹری ہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت کے موقع پر جسٹس محسن اختر کیانی نے اپنے ریمارکس میں کہا تھا کہ کیا پاکستان کو کیا لوٹ کا مال سمجھ رکھا ہے جو آئے اور کھا کے چلتا بنے؟ اور نیب سے استفسار کیا کہ اس کیس میں وزیر اعلیٰ سندھ کو ملزم کیوں نہیں بنایا؟۔