کے فور منصوبہ تاخیر کا سبب سندھ حکومت کی کراچی سے دشمنی ہے، فردوس شمیم نقوی

Firdous Shamim Naqvi

کراچی : سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی کراچی سے دشمنی کے سبب کے فور منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا ہے۔ ہمیں کراچی کے اس مسئلے کا ہر صورت ہر حل تلاش کرنا ہے۔

 یہ بات انہوں نے تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی کے ہمراہ اتوار کو کے فور منصوبے کا دورہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ جس طریقے سے اس منصوبے پر کام کر رہی تھی ان کی تمام غلطیاں و لاپرواہیاں آج عیاں ہوگئی ہیں۔ کے فور منصوبے کے دورے کے موقع پر کے فور ٹیم نے فرودس شمیم نقوی اور وفد کے اراکین کو پرا جیکٹ پر بریفنگ دی۔

ایف ڈبلیو او کے نمائندے لیفٹیننٹ کرنل عاطف نے وفد کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر اراکین سندھ اسمبلی بلال غفار، ارسلان تاج، جمال صدیقی، سدرہ عمران، علی عزیز، ڈاکٹر سنجے، رمضان گھانچی، ریاض حیدر، ادیبہ حسن اور دیگر بھی موجود تھے اور اراکین اسمبلی نے بریفنگ کے دوران متعدد سوالات اٹھائے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فردوس شمیم نقوی نے کہاکہ آج کا یہ دورہ بے حد اہمیت کا حامل تھا۔ سندھ حکومت کی کراچی سے دشمنی کے سبب یہ منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا ہے۔

حکومت سندھ جس طریقے سے اس منصوبے پر کام کر رہی تھی ان کی تمام غلطیاں و لاپرواہیاں آج عیاں ہوگئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کو کس طرح پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے یہ ہماری ذمہ داری ہے۔

کراچی کے لیے650 ملین گیلن کا ایک ہی چینل بنا کر اس چینل کو چوڑا کرنا پڑے گا۔ شہر کراچی کو3سال تک ہرصورت پانی پہنچانا ہے۔

ہمیں کراچی نے ووٹ دیا ہے، پاکستان تحریک انصاف کے پاس کراچی کا مینڈیٹ ہے۔ ہمیں کراچی کے اس مسئلے کا ہر صورت ہر حل تلاش کرنا ہے۔