اسلام آباد: تحریک انصاف کی حکومت کو ایک سال مکمل ہوگیا جس کے دوران پی ٹی آئی قیادت نے پہلے برس ملک کو استحکام دیا اور دوسرے سال پاکستان کی تعمیر کے عزم کا اعادہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ حکومت کی ایک سالہ کارکردگی عوام کے سامنے رکھ دی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ سیاحت کو فروغ دینے اور مواصلات کے لیے نئی پالیسی بنائی، حکومت نے کئی ممالک کو ویزا آن آرائیول کی سہولت فراہم کی جبکہ ٹیکس وصولی کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے عام شہریوں کو بھی ٹیکس نیٹ میں لائے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ حکومت نے منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے اور ملکی خزانہ یا قوم کی دولت لوٹنے والوں کے گرد گھیرا بھی تنگ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے نوجوان پروگرام کا آغاز کیا اسی طرح موجودہ حکومت نے جس طرح مسئلہ کشمیر کے مسئلے کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر ماضی میں ایسی مثال نہیں ملتی، ہم نے کشمیرکاز کے لیے سیاسی معاملات پس پشت ڈال دیے اور اب وزیر اعظم عمران خان کشمیریوں کی جنگ لڑ رہے ہیں۔